یو این آئی
کولمبو/ ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 میں زمبابوے نے اپنی حیرت انگیز کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ایک اور بڑا اپ سیٹ کر دیا۔ آسٹریلیا کو شکست دینے کے بعد اب زمبابوے نے میزبان سری لنکا کو 6 وکٹوں سے ہرا کر گروپ بی کے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ اگرچہ دونوں ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں، لیکن اس جیت نے عالمی کرکٹ میں زمبابوے کا قد مزید بڑھا دیا ہے۔179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کے بلے بازوں نے ہمت نہ ہاری۔ برائن بینیٹ اور تادیواناشے مارومانی نے پہلی وکٹ کے لیے 69 رنز کی ٹھوس بنیاد فراہم کی۔ کپتان سکندر رضا نے صرف 26 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
انہیں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ برائن بینیٹ نے 48 گیندوں پر 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچایا۔ آخری اوور میں ٹونی میونیونگا کے چھکے اور بینیٹ کے چوکے نے تین گیندیں قبل ہی جیت پر مہر لگا دی اس سے قبل سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 178 رنز بنا کر چیلنجنگ ٹوٹل کھڑا کیا:پتھم نسانکا نے 41 گیندوں پر 62 رنز بنا کر نمایاں رہے۔پون رتنائیکے نے 25 گیندوں پر 44 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی۔زمبابوے کے بلیسنگ مزاربانی، بریڈ ایونز اور گریم کریمر نے نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس تاریخی جیت کے بعد زمبابوے 7 پوائنٹس کے ساتھ گروپ بی میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے، جبکہ سری لنکا 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔ یہ ٹورنامنٹ کا ایک اور بڑا الٹ پھیر ثابت ہوا ہے جس نے کرکٹ شائقین کو حیران کر دیا ہے۔