واشنگٹن //صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کی ریاستوں ٹیکساس اور لوزیانا کے سمندری طوفان سے متاثرہ ساحلی علاقوں کا دورہ کیا ہے۔سمندری طوفان 'لورا' کے باعث کئی افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ جب کہ ان علاقوں میں حکام بجلی اور پانی کی بحالی کے کام کر رہے ہیں۔ شدید گرمی اور حبس کے موسم میں متاثرہ علاقوں میں امدادی کام بھی جاری ہے۔لوزیانا کے دورہ کے دوران صدر ٹرمپ نے ریاست کے گورنر، کانگریس اراکین اور وفاقی اہلکاروں سے کہا کہ وہ بخوبی واقف ہیں کہ اس علاقے میں جلد ہی ایسے حالات کے بعد بحالی اور تعمیر نو کا کام انجام دیا جاتا ہے۔جمعرات کو کیٹیگری چار کے طوفان میں 14 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ہلاک ہونے والے افراد میں نصف سے زائد بجلی پیدا کرنے والے جنریٹر کے غلط استعمال سے خارج ہونے والی زہریلی کاربن مونو آکسائیڈ گیس کا شکار ہوئے تھے۔ ٹرمپ نے لیک چارلز نامی شہر کا بھی دورہ کیا۔ جہاں کے 80 ہزار باشندے طوفان سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔