رام بن //آل جموں و کشمیر ٹرائبل کارڈی نیشن کمیٹی ضلع یونٹ رام بن کی جانب سے جمعہ کے روز یہاں ایک اجلاس کا انعقاد زیر قیادت ضلع صدر شبیر احمد منعقد ہوا ،جس میں کمیٹی کے عہدہ داروںنے سماجی کارکن چودھری طلاب حسین کی رہائی کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ سانبہ پولیس نے اسے ایک من گھڑت اور جعلی کیس میں پھنسایا ہے۔اجلاس میں گوجر و بکروال طبقہ کے ممبروں نے بھی شرکت کی۔مقررین نے اجلاس میں سانبہ پولیس سے چودھری طلاب حسین کو فوری طور سے رہا کرنے کا مطالبہ کیا ،جسے سانبہ پولیس نے ایک عصمت ریزی کے الزامات میں حراست میں رکھا ہے۔انہوں نے سانبہ پولیس اور صوبائی انتظامیہ پر ایک خصوصی طبقہ خصوصاً سانبہ، کٹھوعہ اور جموں اضلاع کے گوجر و بکروالوںکے تئیں مبینہ تعصبانہ رویہ اپنانے کا الزام دیا۔مقررین نے سانبہ پولیس پر سماجی کارکن چودھری طلاب حسین کو انٹروگیشن کے دوران تمام حدیں پار کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ اُسے بی جے پی کے ائیما پر پولیس اسٹیشن سانبہ میں ایک جھوٹے کیس میں حراست میں لیا ہے۔انہوں نے اسے ایک گہری سازش قرار دیا ،جسے بعض سیاست دانوں نے سانبہ پولیس کے تعاون سے انجام دیا ہے۔انہوں نے ریاست کے گورنر سے اس معاملہ میں مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے، تاکہ طالب حسین کو انصاف مہیا ہو۔