جموں//جموںوکشمیر کی سرکار اور ٹاٹا ٹیکنالوجیز لمٹیڈ نے جموں و کشمیر میں ’’ انونشن ، انوویشن ، اکیووبیشن اور ٹریننگ ‘‘کے دو مراکز قائم کرنے کے لئے مفاہمت نامے پر دستخط کئے ہیں ۔ان میں سے ایک مرکز گورنمنٹ پالی ٹکینک کالج جموں اور دوسرا گورنمنٹ پالی ٹیکنیک باہمولہ میں قائم کیا جائے گا۔اس مفاہمت نامے پر لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو کی موجودگی میں تکنیکی تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری اور ٹاٹاٹیکنالوجیز کے صدر آنند باڑے نے ویڈیو کانفرنسنگ کے لئے دستخط کئے ۔اس موقعہ پر ایل جی کے پرنسپل سیکرٹری بپل پاٹھک اور ٹاٹاٹیکنالوجز سے وابستہ سشیل کمار بھی موجود تھے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس مفاہمت نامے پر دستخط کو ایک تاریخی موقعہ قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح بارہمولہ اور جموں کے پالی ٹکنیک کالجوں کو سکل ڈیولپمنٹ اداروں میں تبدیل کیا جائے گا اور اس کا مقصد نوجوانوں کو مختلف کورسوں کی تربیت دینے کے بعد اُنہیں روزگار فراہم کرنا ہے ۔ اُنہوں نے یہ پروجیکٹ وقت مقررہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ جولائی کے آخرتک اِن اداروں میں کورسز کا آغاز کیا جاسکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ان پالی تکنیک کالجوں کی فیکلٹی اور دیگر عملے کی کپسٹی بلڈنگ اور اُنہیں تربیت دینے پر بھی زور دیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹاٹاٹیکنالوجیز سی آئی آئی آئی ٹی میں طالب علموںکو ’’ ٹرین دی ٹرینرس پروگرام ‘‘ کے ذریعے تین برس کی تربیت فراہم کرے گا۔اِن مراکز کو 360کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے قائم کیا جائے گا جس میں سے ٹاٹاٹیکنالوجز 300کروڑ روپے ادا کرے گا۔ ٹاٹاٹیکنالوجز اور دونوں پالی تکنیک کالجوں کے درمیان شراکت داری سے سی آئی آئی آئی ٹی کی عمل آوری مؤثر طور یقینی بنے گی۔ اس پروجیکٹ کا مقصد تکنیکی تعلیم کے میدان میں معیاری بہتری لانا اور ہنرمندی سیکھنے کے لئے ایک مناسب ماحول قائم کرنا ہے ۔جموںوکشمیر یونین ٹریٹری میں اس قسم کے ادارے پہلے بار قائم کئے جارہے ہیں اور یہ ادارے جموںوکشمیر میں پہلے سے قائم تکنیکی اداروں میں پڑھائی جانے والے کورسز میںمزید بہتری لانے میں ایک اہم رول ادا کریں گے۔آغاز میں 18بڑے کورسز اور دیگر کئی قلیل مدتی کورس متعارف کئے جائیں گے اور ہر ایک سی آئی آئی آئی ٹی میں 1825 طالب علموں کے داخلے کی گنجائش ہوگی ۔حکومت سی آئی آئی آئی ٹیز کے لئے ڈھانچے تعمیر کرے گااور ٹاٹا ٹیکنالوجز صنعتی ہارڈ ویئراور دیگر ضروری سازو سامان فراہم کرے گا۔اداروں میں نصب کئے جانے والے سازو سامان اور دیگر مشینوں کی رکھ رکھا ئو کا ذمہ بھی ٹاٹاٹیکنالوجز کابھی ہوگا۔نوین کمار چودھری نے اس سلسلے میں مزید تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سکل ڈیولپمنٹ کو فروغ دینے کے لئے ایک سنجیدہ قدم اٹھایا ہے تاکہ ہمارے نوجوان نہ صرف ڈگریاں حاصل کریں بلکہ انہیں روزگار بھی میسر ہو۔ انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوںمیں اس سلسلے میں مزید اصلاحی اقدامات کئے جائیں گے۔