راجوری //کوٹرنکہ کے مندر گالہ علاقے میں اس وقت حالات کشیدہ ہوگئے جب راجوری بدھل سڑک کو بند کرکے احتجاج کرنے والے مظاہرین پرتشدد ہوگئے ۔اس دوران پتھرائو اور پولیس لاٹھی چارج کے نتیجہ میں ایک شخص زخمی ہواہے ۔ ذرائع نے بتایاکہ صبح ساڑھے آٹھ بجے پیڑی گائوںسے تعلق رکھنے والے لوگ مندر گالا کے مقام پر جمع ہوئے اور انہوںنے روڈ بند کرکے پولیس کے خلاف نعرے بازی شروع کردی ۔انہوںنے الزام لگایاکہ ایک بیس سالہ لڑکی کو پروڑی گائوں کا ایک لڑکا انتیس مارچ کو اغواکرلے گیا اوراس سلسلے میں پولیس تھانہ کنڈی میں ایف آئی آر زیر نمبر19/2017 US 366, 109, 379کاکیس درج کیاگیاجبکہ لڑکی کو اس ماہ کی انیس تاریخ کو جموں سے بازیاب کرایاگیا۔لڑکی کو والدین کے حوالے کرنے کی مانگ کرتے ہوئے انہوںنے الزام لگایاکہ اس معاملے میں پولیس کا رول منفی رہا اور اس نے تحقیقات میں جانبداری سے کام لیا ۔اس دوران انچارج پولیس چوکی پیڑی سب انسپکٹر دانش مقبول اور ایس ایچ او کنڈی عظیم حسین نے مظاہرین کو خاموش کرانے کی کوشش کی اور بتایاکہ لڑکی نے عدالت کے سامنے لڑکے سے شادی کرلی ہے اوراس حوالے سے اس کا بیان بھی جوڈیشل مجسٹریٹ کے ریکارڈ کیاگیاہے ۔تاہم مظاہرین نے کہاکہ وہ لڑکی کو واپس کرنے تک احتجاج ختم نہیں کریںگے ۔بعد ازآں ایڈیشنل ڈی ڈی سی اوتار سنگھ چب اور ایڈیشنل ایس پی راجوری محمد یوسف موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے مظاہرین کو بتایاکہ لڑکی نے عدالت میں شادی کرلی ہے اور وہ اب لڑکے کے ساتھ رہ بھی رہی ہے ۔تاہم مظاہرین نے ایک نہ سنی اور احتجاج جاری رکھا۔حالات کو کشیدہ دیکھتے ہوئے پولیس کی مزید نفری منگوالی گئی ۔دریں اثناء لگاتار چار گھنٹوں کے احتجاج کے بعد صورتحال اس وقت کشیدہ بن گئی جب ایک لڑکے اعجاز احمد ولد عبدالمجید ساکن پنج ناڑہ نے اپنے موٹرسائیکل کو سڑک سے گزارنے کی کوشش کی جس پر مظاہرین نے اعتراض جتایا۔اسی اثناء میں پتھرائو شروع کردیاگیا جس کے نتیجہ میں مذکورہ نوجوان زخمی ہوگیا۔اس دوران پولیس نے مداخلت کی اور پتھرائو کرنے والوں پر لاٹھی چارج کیا جبکہ ٹیئر گیس کا استعمال بھی کیاگیا۔زخمی نوجوان کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیاگیاجہاں وہ زیر علاج ہے ۔پولیس لاٹھی چارج کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے اور سڑک کو ساڑھے چار گھنٹوں بعد گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے کھول دیاگیا۔ایڈیشنل ایس پی راجوری نے بتایاکہ پولیس کے باربار کہنے کے باوجود مظاہرین احتجاج پر بضد رہے اور پولیس نے اپنی طرف سے ہر طرح سے کوشش بھی کی ۔انہوںنے بتایاکہ مظاہرین نے اچانک سے نوجوان پر حملہ کردیا جس پر پولیس کو مداخلت کرناپڑی اور پھر طاقت کا استعمال کئے بغیر کوئی چارہ بھی نہیں تھا۔انہوںنے مزید بتایاکہ اس سلسلے میں پولیس تھانہ کنڈی میں ایف آئی آر زیر نمبر31/2017کاکیس درج کیاگیاہے ۔