سرینگر//وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے ضلع راجوری کے چنگس علاقہ میں آئے سڑک حادثہ میں سات افراد کے جان بحق ہونے پر اپنے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک تعزیتی پیغا م میں وزیر اعلیٰ نے سات قیمتی جانیںتلف ہونے کوافسوس ناک قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں روز بروز سڑک حادثات میں اضافہ درج کیا جارہا ہے اور اس افسوس ناک صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ساتھ میں سڑکوں کی دیکھ ریکھ، گاڑیوں کی حالت سدھارنے اور دیگر پیرا میٹرس کی طرف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔محبوبہ مفتی نے غمزدہ کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحومین کی ارواح کے ابدی سکون کے لئے دُعا کی۔دریں اثناء خوراک، شہری رسدات، امورصارفین و اطلاعات کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے ناریاں راجوری میں پیش آئے سڑک حادثہ میںقیمتی جانوں کے زیاں پر دُکھ کا اظہار کیا ہے۔وزیر نے غمزدہ کنبوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کی اور مرحومین کی ارواح کے ابدی سکون کے لئے دُعا کی۔ادھرپشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے راجوری میں پیش آئے سڑک حادثہ میں انسانی جانوں کے زیاں پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک تعزیتی پیغام میںوزیر نے غمزدہ کنبوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحومین کی ارواح کے ابدی سکون کے لئے بھی دُعا کی۔ادھرچنگس راجوری میں سوموار کے روز پیش آئے دلدوز حاثے پر ممبر اسمبلی راجوری چودری قمر حسین اور جموں کشمیر گوجر بکروال کانفرنس کے جنرل سکرٹری و پی ڈی پی لیڈر محمد یاسین پسوال نے دلدوز حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مہلوک افراد کے حق میں دعا مغفرت کر کے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے