نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے کل کہا کہ بڑے شہروں میں کورونا ’وبا‘ ہولناک شکل اختیار کر رہی ہے لہٰذا اس سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ احتیاط برتنے کے ساتھ ساتھ صحت کے شعبے میں ڈھانچہ جاتی سہولیات کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ مودی نے پورے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے دوران کل 15 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ سے میٹنگ کے دوسرے مرحلے میں کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ کورونا کا پھیلاو کچھ بڑے ریاستوں، بڑے شہروں میں زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکمل لاک ڈاون کے دوران عوام نے جس ڈسپلن کا مظاہرہ کیا ہے اس سے وائرس پر قدغن لگا ہے، علاج اور تربیت یافتہ عوامی طاقت کے نقطہ نظر سے ملک کہیں زیادہ سنبھلی ہوئی حالت میں ہے۔ مودی نے کہا کہ تین ماہ قبل ملک میں اس وبا سے نمٹنے کے لیے صحت کے شعبے میں سہولیات بہت کم تھیں اور ہم مکمل درآمد (امپورٹ) پر انحصار کرتے تھے ۔