نئی دہلی// کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے جاری لاک ڈاؤن کے پیش نظر شروع کی گئی وزیر اعظم غریب بہبود اسکیم (پردھان منتری کلیان یوجنا)کے تحت پردھان منتری جن دھن یوجنا کے خاتون اکاؤنٹ ہولڈروں کو مئی میں دی جانے والی 500 روپے کی دوسری قسط ان کے اکاؤنٹس میں بھیجی جا رہی ہے ۔وزارت خزانہ نے کل یہاں بتایا کہ عورت مستفیدین کے اکاؤنٹس میں بھیجی جا رہی رقم مکمل طور پر محفوظ ہے اور بینکوں میں بھیڑ سے بچنے کے لئے ٹائم ٹیبل بنایا گیا ہے جو بینک اکاؤنٹس کے آخری نمبر کے مطابق ہو گا۔ اس کے تحت جن بینک اکاؤنٹس کے آخری نمبر صفر اور ایک ہے وہ اکاؤنٹ ہولڈر چارمئی، جن کانمبر دو اور تین ہے وہ پانچ مئی کو، چار اور پانچ نمبر کے اکاؤنٹ ہولڈر چھ مئی کو، چھ اور سات نمبر کے اکاؤنٹ ہولڈر آٹھ مئی اور آٹھ اور نو نمبر کے آخری نمبر کے اکاؤنٹ ہولڈر 11 مئی کو اپنے اکاؤنٹ سے پیسے نکال سکیں گے ۔حکومت نے کہا ہے کہ مستفید ین11 مئی کے بعد بھی کسی بھی دن اپنے اکاؤنٹس سے رقم نکال سکیں گے کیونکہ یہ رقم مکمل طور پر محفوظ ہے ۔ یہ رقم بینک کی شاخ کے ساتھ ہی بینک دوست یا کسٹمر سروس سینٹر سے بھی نکالی جا سکتی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ لاک ڈاؤن سے متاثرین کو راحت پہنچانے کے لئے حکومت نے خواتین جن دھن اکاؤنٹ ہولڈروں کو اپریل، مئی اور جون مہینے میں ہر ماہ 500-500 روپے دینے کا اعلان کیا ہے اور اسی کے تحت یہ دوسری قسط دی جا رہی ہے۔