رابطہ دفتر میں وفود کے ساتھ بینکنگ اورنوجوانوں کے مسائل پر تبادلہ خیال
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کل اْس کمسن بچی کے اہل خانہ سے ملاقات کی جسے اتوار کی صبح بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔وزیر اعلیٰ نے ضلع بڈگام کے گاؤں گلوان پورہ میں سوگوار کنبے کی رہائش گاہ پر جا کر اس ناقابلِ بیان غم کی گھڑی میں اْن کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا اِظہار کیا۔اْنہوں نے بچی کی المناک موت پر گہرے دْکھ کا اِظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے دلی اِظہارِ تعزیت کی اور یقین دِلایا کہ حکومت اِنصاف کے حصول میں اْن کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس واقعے نے پورے معاشرے کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور کہا کہ مہذب معاشرے میں ایسے عناصر کی کوئی جگہ نہیں ہے۔اْنہوں نے کہا کہ حکومت اِس بات کو یقینی بنائے گی کہ اِس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور اس گھناؤنے جرم کے مرتکب کو قانون کے مطابق مثالی سزا دی جائے۔وزیر اعلیٰ کے ہمراہ رْکن اسمبلی بڈگام آغا منتظر مہدی ، ضلع کی سول اور پولیس اِنتظامیہ کے افسران بھی تھے۔واضح رہے کہ کمسن بچی جو ہفتہ کے روز لاپتہ ہو گئی تھی، اتوار کی صبح وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے گاؤں گلوان پورہ کے ایک قریبی کھیت سے مردہ حالت میں برآمد ہوئی۔ اِس واقعے کے بعد پورے علاقے میں شدیدغم وغصہ کی لہر دوڑ گئی۔ اِس کے بعدپولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے جرم کے ارتکاب کے 36 گھنٹوں کے اندر ملزم کو گرفتار کیاگیا۔اس دوران وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کل یہاں اپنے عوامی خدمات و رابطہ دفتر ”رابطہ” میں متعدد وفود سے ملاقات کی ۔منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر جموں وکشمیر بینک امیتاو چٹرجی نے وزیر اعلیٰ سے خیرسگالی ملاقات کی۔ اس دوران بینکنگ سیکٹر، مالیاتی رَسائی اور صارفین کو فراہم کی جانے والی خدمات سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایم ڈِی اور سی اِی او نے وزیر اعلیٰ کو جموں و کشمیر بھر میں بینک کی خدمات اور آپریشنز کو مزید مستحکم بنانے کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا تاکہ صارفین کے تجربے اور خدمات کی فراہمی کو بہتر بنایا جا سکے۔ڈائریکٹر جنرل نیشنل کیڈٹ کارپس (این سی سی) لیفٹیننٹ جنرل وریندر وٹس نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل این سی سی ڈائریکٹوریٹ جموں و کشمیر و لداخ میجر جنرل انوپندر بیولی کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔ وفد نے این سی سی کی سرگرمیوں، نوجوانوں کی شمولیت اور جموں و کشمیر میں کیڈٹ اَقدامات کی توسیع سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔اِنڈین نیشنل ٹرسٹ فار آرٹ اینڈ کلچرل ہیرٹیج ( آئی این ٹی اے سی ایچ) کے ایک وفد جس کی قیادت اس کے کنوینر و سربراہ سلیم بیگ اور پرنسپل آرکیٹیکٹ سمیر ہمدانی کر رہے تھے،نے وزیر اعلیٰ کو کشمیر کے تاریخی ورثے کے تحفظ اور بحالی سے متعلق تفصیلی پرزنٹیشن دِی۔وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دِلایا کہ حکومت جموں و کشمیر کے عظیم فنی، ثقافتی اور تعمیراتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لئے پوری طرح پْر عزم ہے۔