ریاسی//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی جو ریاسی کے ایک روزہ دورے پر ہیں ، نے 52 کروڑ روپے کے سڑک پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ وزیر اعلیٰ نے جھاجھر نالہ کے اوپر 160 میٹر لمبے کنکریٹ پُل کا سنگِ بنیاد رکھا جس پر 20 کروڑ روپے کی رقم خرچ کی جائے گی ۔ محبوبہ مفتی نے ریلوے سٹیشن کٹرہ سے ننگل تک جس میں 60 میٹر لمبے آر سی سی پُل کی تعمیر بھی شامل ہے کو وسعت دینے اور اَپ گریڈ کرنے کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ اس پروجیکٹ پر 15 کروڑ روپے کی لاگت آنے کا اندازہ ہے اور یہ پروجیکٹ ایک سال کے اندر مکمل ہونے کی اُمید ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے پنتھال ۔ جھاجھر سڑک کو وسعت دینے اور اپ گریڈ کرنے کا سنگِ بنیاد بھی رکھا ۔ یہ 13 کلو میٹر لمبی سڑک اگلے سال تک مکمل ہونے کی اُمید ہے اور اس پروجیکٹ پر 17 کروڑ روپے کی لاگت آنے کا اندازہ ہے ۔ اس موقعہ پر محبوبہ مفتی نے متعلقہ ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ ان پروجیکٹوں کے تکمیل کے شیڈول پر سختی سے کاربند رہیں اور کسی بھی صورت میں مقررہ تاریخ کے اندر پروجیکٹ کی تکمیل یقینی بنائیں ۔ انہوں نے ان سڑکوں کی تعمیر میں معیاری مواد استعمال کرنے کی ہدایت دی ۔ وزیر اعلیٰ نے شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی سے ننگل تک نئی تعمیر کردہ سڑک کا افتتاح کیا جس سے ارد گرد کے تمام علاقے مستفید ہوں گے اور اس سڑک کو 1569کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ۔تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر ، خزانہ اور منصوبہ بندی کے وزیر مملکت اجے نندا ، ارکانِ اسمبلی اعجاز احمد خان اور ممتاز احمد خان، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل ، کمشنر سیکرٹری تعمیراتِ عامہ سنجیو ورما ، ڈویژنل کمشنر جموں ہیمنت شرما ، آئی جی پی جموں زون ڈاکٹر ایس ڈی ایس جموال ، ڈپٹی کمشنر آر پرسنا اور صوبائی و ضلع افسروں اس موقعہ پر موجود تھے ۔ اس سے قبل عوامی ملاقات کے پروگرام میں وزیر اعلیٰ نے ریاسی میں ایک عوامی شکایات ازالہ کیمپ میں شرکت کی۔