برف ہٹانے کا کام مارچ کے دوسرے ہفتے میں شروع کیا جا ئیگا:حکام
پونچھ// ضلع پونچھ کی عوام نے انتظامیہ سے تاریخی مغل شاہراہ کو جلد کھولنے کی اپیل کی ہے۔ واضح رہے کہ خطہ پیر پنچال کو وادی سے جوڑ نے والی مغل شاہراہ موسمی نا حالات کی وجہ سے سال کے چھ ماہ بند رہتی ہے جس کی وجہ سے اس سڑک پر سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو کافی زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور انہیں راجوری یاپونچھ ضلع سے وادی کی طرف چار یا پانچ گھنٹوں کا سفر دو دن میں طے کرنا پڑتا ہے جس کیلئے راجوری اور پونچھ اضلاع سے اس شاہراہ پر سفر کرنے والے لوگوں نے شہراہ کو جلد کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پونچھ سے تعلق رکھنے والے محمد شبیر نامی ایک شخص نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہر دوسرے ماہ اپنے والد کی طبی جانچ کے لئے کشمیر جاناپڑتا ہے۔ان کا کہنا تھا اگر چہ وہ موسم گرما میں مغل شاہراہ سے سفر کر کے وادی پہنچتے ہیں مگر موسم سرما میں اس شاہراہ پر حد سے زیادہ برف باری کی وجہ سے وہ اس سڑک سے سفر نہیں کر پاتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد کینسر کے مریض ہیں جن کا علاج ومعالجہ کشمیر کے شیر کشمیر میڈیکل انسٹی چیوٹ میں چل رہا ہے جس کی وجہ سے انہیں ہر ماہ کشمیر جانا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے انہیں براستہ جموں جانا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ اس شاہراہ پر ٹنل کا قیام کریں تاکہ یہ شاہراہ بھی عوام کے لئے سال کے بارہ ماہ کھلی رہے۔ رابطہ کرنے پر محکمہ تعمیرات عامہ کے مکینیکل وینگ کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئرطارق احمد خان نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح مارچ کے ماہ میں اس شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس برس بھی شاہراہ سے مارچ کے دوسرے ہفتے میں برف ہٹانے کاکام شروع کیا جائے گا اور اس کے بعد ہی مسافر گاڑی یوں کو چلنے کی اجازت ہوگی۔