جموں //جموں و کشمیر میں ڈرگ مافیا کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے اینٹی نارکو ٹکس ٹاسک فورس نے سوموار کو 54.27لاکھ روپے مالیت کے 5بینک اکائونٹوں کو منجمد کردیا ۔ جموں صوبے میں اے این ٹی ایف کے سپر انٹنڈنٹ ونے شرما نے بتایا ،’’ ہم نے کشمیر میں ڈرگ مافیا کے پانچ اکائونٹ منجمد کردئے ہیں،ڈرگ سپلائی کرنے والے گروہ کا سربراہ مسعود احمد ڈار ساکنہ بجبہاڑہ اننت ناگ سے تعلق رکھتا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اس کے خلاف تین کیس درج ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ ان 5بینک کھاتوں میں 54لاکھ 27ہزار روپے جمع ہیں اور ہم نے یہ ثابت کردیا ہے کہ یہ پیسہ نشیلی ادویات کا ہے‘‘۔شرما نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ جموں و کشمیر میں بینک کھاتوں کو منجمد کرنے کا حکم صادر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ،’’ بینک کھاتوں کو منجمد کرنے کیلئے صرف یہ ثابت کرنا تھا کہ پیسہ نشیلی ادویات کے کاروبار میں استعمال ہوتا ہے اور یہ کیس فارن ایکسچینج منیپولیشن ایکٹ(SAFMA) کے تحت ہی کھاتوں کو منجمد کرنے کا حق رکھتا ہے۔ ایس پی نے بتایا کہ تحقیقاتی افسر پرویز سجاد نے یہ ثابت کردیا ہے کہ اس پیسے کو نشیلی ادویات کے کاروبار میں استعمال کیا جاتا تھا اور متعلقہ ادارے نے ان تمام بینک کھاتوں کو منجمد کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ انہوں نے کہا ،’’ ہم نے دلی کے رہنے والے سلمان خان اور امت سیکسنہ جبکہ جہانگیر کشمیر سے تعلق رکھتا ہے،کوگرفتار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان میں دو بڑے سپلائیر بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا ’’ سلمان اور امت کشمیر طبی ادویات سپلائی کرتے تھے جبکہ جہانگیر کشمیر سے ان کو نشیلی ادویات فراہم کیا کرتا تھا‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ جموں و کشمیر میں نشیلی ادویات کے کاروبار سے جڑے افراد کے خلاف کاروائی میں تیزی لاتے ہوئے پہلی مرتبہ اے این ٹی ایف نے 5بینک کھاتوں کو منجمد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ گروہ غیر قانونی طور پر کشمیر سے بھارت کے دیگر حصوں کو چرس سپلائی کرتے تھے جبکہ وہاں سے نشیلی ادویات جموں و کشمیر لاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ائے این ٹی ایف پیسے کے لین دین کے تمام پہلوں کی جانچ کررہا ہے اور ابتدائی طور پر اس کو حوالہ سے علیحدہ نہیں کیا جاسکتا‘‘۔