سرینگر+ترال // کشمیر وادی میں محکمہ موسمیات کے عین مطابق جمعہ کی سہ پہر موسم نے پھر کروٹ بدلی اور شام کے وقت کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں اور ژالہ باری بھی ہو ئی ۔کپوارہ اور کرناہ کے کئی ایک علاقوں میں بارشیں ہوئیں جبکہ متعدد علاقوں سے ژالہ باری ہونے کی اطلاع ہے ۔ بڈگام اور رفیع آباد کے متعدد علاقوں سے بھی ژالہ باری ہوئی ہے۔ بڈگام کے شوگن کھاگ ،ہیبر ، کانگریپورہ ،خانصاحب ، آریزال ، ستھہارن میں ژالہ باری سے میوہ باغات اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ادھر ترال کے مختلف دیہات میں جمعہ کی شام آٹھ بجے کے قریب شدید ژالہ باری سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ۔ بٹھنورکار مولہ،ناگہ بل،پستونہ ،ہندورہ،دودھ مرگ وغیرہ علاقوںمیں پہلے تیز ہوائیں چلیںجس کے بعد تیز بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہوا ۔ ژالہ باری کی وجہ سے درختوں کے پتے گر گئے اور میوہ باغات کو نقصان پہنچا ۔لام، آری پل،ستورہ،واگڈ ،ہر د میر وغیرہ میں طوفانی ہوائیں چلیںاور ایک مکان پر درخت گر نے کی اطلاع ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔