بلال فرقانی
سرینگر//سرمائی دارالحکومت جموں منتقلی (در بار مو) کے فوراً بعد حکومت نے وادی کشمیر میں انتظامی رسائی برقرار رکھنے کیلئے وزراء کی باقاعدہ موجودگی سے متعلق نیا روسٹر جاری کیا ہے۔ یہ اقدام اْس حالیہ سرکاری ہدایت کے بعد سامنے آیا ہے جس میں اعلیٰ افسران کو تاکید کی گئی تھی کہ وہ عوامی سہولت کے پیشِ نظر سردیوں کے دوران بھی سول سیکریٹریٹ سرینگر میں دستیاب رہیں۔حکومت کے تازہ حکم نامے کے مطابق مختلف وزراء مقررہ ایام میں سول سیکریٹریٹ سرینگر میں موجود رہیں گے تاکہ ضروری انتظامی امور، عوامی شکایات اور محکمانہ سرگرمیوں میں کسی طرح کا تعطل پیدا نہ ہو۔ وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ مسعود ایتو 8 سے 12 دسمبر 2025 تک سرینگر میں دستیاب رہیں گی۔اس کے بعد خوراک، شہری رسدات، ٹرانسپورٹ، سائنس و ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، یوتھ سروسز و سپورٹس کے وزیر ستیش شرما 15 سے 19 دسمبر تک سول سیکریٹریٹ سرینگر میں فرائض انجام دیں گے۔نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری کی حاضری 22 سے 26 دسمبر مقرر کی گئی ہے جبکہ زراعت، دیہی ترقی، پنچایتی راج اور الیکشن امور کے وزیر جاوید احمد ڈار 29 دسمبر 2025 سے 2 جنوری 2026 تک موجود رہیں گے۔وزیر جل شکتی، جنگلات، ماحولیات و قبائلی امورجاوید احمد رانا 5 سے 9 جنوری 2026 تک کشمیر سیکریٹریٹ میں دستیاب رہیں گے۔