کپوارہ کے پارٹی معاملات کا جائزہ
سرینگر//نیشنل کانفرنس ضلع کپوارہ کا ایک غیر معمولی اجلاس پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کی جبکہ اجلاس میں پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر ، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور شمالی کشمیر کے زون صدر و رکن پارلیمان ایڈوکیٹ محمد اکبر لون بھی موجود تھے۔ اجلاس میں جموںوکشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، کورونا وائرس سے پید شدہ حالات اور اس کے منفی اثرات کے علاوہ اقتصادی بدحالی ،تنظیمی اموارات اور پارٹی سرگرمیوں کے بارے میں تبالہ خیالات کیا گیا۔ شرکاء نے اپنے اپنے حلقہ انتخابات کے لوگوں کے مسائل و مشکلات اور کورونا سے پیداہوئے حالات کے بارے میں زمینی صورتحال سے اجلاس کو آگاہی دی۔ عمر عبداللہ نے پارٹی لیڈران پر زور دیا کہ وہ ضلع کپوارہ میں تنظیم کی مضبوطی کیلئے کام کریں اور زمینی سطح پر لوگوں کے ساتھ رابطے میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس مستقبل سے متعلق کوئی بھی فیصلہ لیتے وقت پارٹی کارڈ کے احساسات اور جذبات کو کسی بھی صورت میں نظرانداز نہیں کرے گی۔ اجلاس میں سینئر پارٹی لیڈران چودھری محمد رمضان، میر سیف اللہ، قیصر جمشید لون، شفقت وٹالی ،تنویر صادق اور سلمان علی ساگر بھی موجود تھے۔ اس دوران پارٹی کی خواتین ونگ کا ایک اجلاس شمیمہ فردوس کی سربراہی میںمنعقد ہوا۔ اجلاس کا انعقاد ضلع کپوارہ سے تعلق رکھنے والی خواتین کی پارٹی میں شمولیت کے سلسلے میں کیا گیا تھا۔ اس موقع پر پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والی خواتین کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے شمولیت اختیار کرنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ترقی پذیر اور مہذب سماج کے قیام میں خواتین کا کلیدی رول ہوتا ہے۔ آج ایسا کوئی شعبہ نہیں جہاں خواتین کا تعاون شامل حال نہیں۔ اس موقع پر شمیمہ فردوس نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والی خواتین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کی خواتین کو سماج میں اونچا مقام اور مرتبہ دینے میں نیشنل کانفرنس نے کلیدی رول اداکیاہے۔