جموں //ریاستی ہیلتھ ایجنسی کی طرف سے نگروٹہ میں’ ایوش مان بھارت ‘پردھان منتری جن اریگیایوجنا ‘پر یک روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا ۔نیشنل ہیلتھ ایجنسی کے اشتراک سے منعقدہ اس ورکشاپ کے تحت ضلعی انتظامیہ کے آفیسران ،نجی اور سرکاری ہسپتالوں کے انچارج ملازمین کو ’پردھان منتری جن اریگیایوجنا‘کی عمل آوری کے سلسلہ میں پالیسی سے متعلق تربیت فراہم کرنا تھا ۔یاد رہے اس اسکیم کو ریاست میںپرنسپل سیکرٹری گور نمنٹ آف انڈیا ،ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایوش مین بھارت اسکیم کی سربراہی میں لاگو کیا جائے گا ۔اس موقعہ پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں نے ورکشاپ کے دوران اپنے خطاب میں مذکورہ اسکیم کی عمل آوری کے سلسلہ میں اختیار کئے جانے والے طریقہ کارسے متعلق آگاہ کیا ۔انہوں نے چیف میڈیکل آفیسر ان اور ڈپٹی چیف میڈیکل آفیسران کو ہدایات جاری کرتے ہو ئے کہاکہ مذکورہ اسکیم کا لاگو کرنے کیلئے معقول اقدامات کئے جائیں ۔اپنے خطاب میں ڈائریکٹر پلاننگ نیشنل ہیلتھ مشن جموں وکشمیر نے کہا کہ ایوش مین بھارت اسکیم کا فائد ہ سماج کے ہرایک فرد تک پہنچانا متعلقہ آفیسران و ملازمین کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔یاد رہے کہ پردھان منتری جن اریگیایوجناکے تحت ریاست جموں و کشمیر میں 613648کنبوں کو فائدہ پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔اس ورکشاپ میں سرکاری ہسپتالوں کے چیف میڈیکل آفیسران ،ڈپٹی چیف میڈیکل آفیسران، میڈیکل سپر انٹنڈینٹوں کے علا وہ نوڈل آفیسران نے بھی شرکت کی ۔