مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے نکہ تا سلواہ علاقہ کیلئے زیر تعمیر 6کلو میٹر سڑک گزشتہ 19برسوں سے مکمل ہی نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مکینوں نے متعلقہ تعمیراتی ایجنسی و مقامی انتظامیہ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہاکہ سڑک کی تعمیر کا عمل 2002میں شروع کیا گیا تھا جبکہ زمینی کٹائی کے بعد سڑک پر بجری بھی بچھائی گئی تھی لیکن اس کے بعد متعلقہ محکمہ نے پروجیکٹ کو جوں کا توں ہی چھوڑ دیا ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے تار کول نہ بچھانے کے بعد اب سڑک صرف پیدل چلنے والے راستے کی شکل اختیار کر گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک میں جہاں بجری اب غائب ہوتی جارہی ہے وہائیں کھڈوں کی وجہ سے عام لوگوں کا پیدل چلنا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ سڑک کے زیر تحت ایک وسیع علاقہ آرہا ہے جبکہ مذکورہ علاقہ کی عوام کیلئے نکہ ۔سلواہ سڑک آمد ورفت کیلئے واحد ایک ذریعہ ہے تاہم محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے پروجیکٹ ابھی تک مکمل ہی نہیں کیا جاسکا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے سڑک کے سلسلہ میں کئی مرتبہ اعلیٰ حکام سے بھی رابطہ قائم کیا ہے لیکن ابھی تک اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک پر جلداز جلد تار کول بچھا کر ان کیلئے سہولیات پیدا کی جائیں ۔