راجوری //ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی کے مطالبے پر نوشہرہ میں بند اور ہڑتال تیسرے روز میں داخل ہوگئی جس دوران معمولات زندگی بری طرح سے درہم برہم ہوئے ۔نوشہرہ میں تمام تجارتی اد راے بند رہے اور بازار سنسان دکھائی دیئے ۔اس دوران مقامی لوگوں کی طرف سے مین بازار سے ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی جس دوران شرکاء نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی کی مانگ کی ۔انہوںنے کہاکہ نوشہرہ کو اے ڈی سی پوسٹ کیلئے نظرانداز کیاجارہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نئے یونٹوں کا اعلان اپنے سیاسی مقاصد کو دیکھتے ہوئے کررہی ہے اور جائز مطالبات نظر انداز کئے جارہے ہیں ۔مقامی لوگوں کے مطابق بند مسلسل جاری رہے گا۔دریں اثناء سندر بنی کے لوگوںنے بھی غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کا انتباہ دیاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ سندر بنی میں مقامی لوگوں کا ایک اجلاس منعقد ہواجس میں تمام لوگوںنے اس بات پر اتفاق ظاہر کیاکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی پوسٹ سندر بنی کھولنے کے حق میں غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال شروع کی جائے گی تاہم ابھی تک ہڑتال شروع ہونے کے دن کا اعلان نہیں کیاگیا ۔