رمیش کیسر
نوشہرہ//میونسپل کمیٹی نوشہرہ کی جانب سے بازار اور ملحقہ گلیوں سے فضلہ نہ اٹھائے جانے پر عوامی ناراضگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں اور دکانداروں نے صفائی کی ابتر صورتحال پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کمیٹی کے افسران کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے بازار کے مختلف حصوں میں فضلہ جمع ہو رہا ہے، جسے اٹھانے کے لئے میونسپل عملہ جائے وقوعہ پر نہیں پہنچ رہا۔ اس غفلت کے باعث گلیوں میں بدبو اور گندگی پھیل رہی ہے، جس سے دکانداروں کا کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے اور عام لوگوں کا چلنا پھرنا دشوار بنتا جا رہا ہے۔دکانداروں نے بتایا کہ کمیٹی کے صفائی کرمچاری اپنے فرائض کی ادائیگی میں مکمل ناکام نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو انہیں خود احتجاج پر مجبور ہونا پڑے گا۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ میونسپل کمیٹی صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہے، جبکہ زمینی سطح پر صفائی کا کوئی مناسب انتظام نظر نہیں آتا۔عوام نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل کمیٹی نوشہرہ کے ایگزیکٹو افسر کو ہدایات جاری کی جائیں تاکہ روزانہ کی بنیاد پر فضلہ اٹھایا جائے اور شہر میں صفائی کا نظام بہتر بنایا جا سکے۔اس حوالے سے جب ایگزیکٹو افسر سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ ان کے نوٹس میں ایسی کوئی شکایت نہیں پہنچی ہے، تاہم اگر کہیں صفائی میں کوتاہی پائی گئی تو وہ اس معاملے پر ضرور توجہ دیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے صفائی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔