نوشہرہ /راجوری//نوشہرہ اور کالاکوٹ میں آگ کی دو مختلف وارداتوں کے نتیجہ میں دکانوں سمیت پانچ ڈھانچے خاکستر ہوگئے جبکہ دو افراد کو دھوئیں میں بے ہوش ہونے کے بعد ہسپتال منتقل کیاگیاہے۔نوشہرہ بس اڈہ پر واقع چار دکانوں میں پیر کی شب کو پراسرار طور پر آگ لگ گئی جس کی وجہ سے ان میں رکھاہواسامان خاکستر ہوگیاہے۔ذرائع کے مطابق بس اڈہ نوشہرہ میں سوموار کی رات کو یوگ راج ولد مکھی چندسکنہ لمیڑی،راجیو کمار ولد سوم رام سکنہ کلسیاں اور شام لعل وراج کمار ولد منوہرلعل سکنہ نوشہرہ کی دکانوں میں اچانک آگ لگ گئی جس کی وجہ سے ان میں رکھاہواسامان خاکستر ہوگیاہے۔ اس دوران پولیس و فائر سروس کو اطلاع دی گئی جس پر گاڑیوں کے ذریعہ آگ پر قابو پانے کی کوششیں کی گئیں تاہم دکانوں کے اندررکھاہوا سامان تباہ ہوگیاہے اور کچھ بھی باقی نہیں بچا۔دریں اثناتھلیوٹ کالاکوٹ میں بھی رات کے اوقات میں آگ کی واردات رونماہوئی جس کی وجہ سے ایک ڈھانچے کافی نقصان ہواہے۔مقامی لوگوں کے مطابق اس دوران فائر سروس کا عملہ نہیں پہنچ پایا اور مقامی لوگوں نے خود آگ بجھانے کی کوشش کی جس دوران آگ کی زد میں آکر گلزار حسین اور محمد حسین پسران محمد یوسف دھوئیں کی وجہ سے بے ہوش ہوئے جنہیں ہسپتال میں زیر علاج رکھاگیا۔اس سلسلے میں پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے تاہم آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔اس کے علاوہ نوشہرہ میں ایڈیشنل ایس پی کے دفتر کے نزدیک واقع نرسری میں بھی آگ نمودار ہوگئی تاہم اس پر قابو پالیاگیا۔