نوراترا تہوار،جموں،کٹرہ ، ریاسی میں سیکورٹی بڑھا دی گئی

سید امجد شاہ
جموں//نوراتری تہوار سے پہلے جموں ، کٹرہ شہر میں سیکورٹی کے انتظامات کو بڑھا دیا گیا ہے اور ضلع ریاسی کے قصبے اور بالائی علاقوں میں پولیس فورس کی تعیناتی اور تلاشی لی گئی ہے۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ انہوں نے امن کو درپیش کسی بھی قسم کے خطرے کو ختم کرنے کے لیے پچھلے پندرہ دنوں سے سرپرائز چیکنگ، اضافی ناکے اور ہوٹلوں، ریستورانوں میں مردم شماری اور دور دراز علاقوں میں تلاشی کے ساتھ سیکورٹی مشقیں کی ہیں۔پولیس افسر نے کہا‘‘ہم نے اپنی ٹیموں کو دو حصوں میں تقسیم کیا ہے۔ ایک حصہ نوراتری سے پہلے نظر رکھے گا اور جے کے پی کا دوسرا حصہ نوراتری تہوار کے دوران چوکس رہے گا۔ پولیس نے علاقوں کو نو زونوں میں تقسیم کیا ہے اور ہر زون کی سربراہی JKP کا ایک DySP رینک کا افسر کرے گا‘‘۔پولیس افسر نے کہا کہ سول کپڑوں میں پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے تاکہ نوراتری تہوار کے دوران مزار، دیگر بھیڑ اور حساس مقامات کے راستے میں پرامن ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ “ہم نے ہوٹل کے مالکان اور مسافر گاڑی چلانے والوں سے کہا ہے کہ وہ مشتبہ سرگرمی کا نوٹس لیتے ہی پولیس کو اطلاع دیں۔”