راجوری //ہمت و جواں مردی کامظاہرہ کرتے ہوئے کچھ لوگوںنے ٹھکریاں گائوںمیں آگ کی زد میں آنے والے گھروں کوبچالیا ۔مقامی نوجوان شاہ محمد نے بتایاکہ بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے خشک سالی ہے اور یہی ایک بڑی وجہ تھی کہ آگ اتنی تیزی سے آبادی والے علاقے تک پھیل گئی ۔انہوںنے کہاکہ بگلہ محلہ کے چار گھروں کے اطراف کے شعلے بڑھکنے لگے اور چیخ و پکار کی آوازیں اٹھنے لگیں جس کو دیکھتے ہوئے اس سمیت پانچ لڑکوںنے اپنی جان جوکھم میں ڈال کر کارروائی شروع کی اور گھروںکو آگ کی زد میں آنے سے بچالیا ۔اس کارروائی میں حصہ لینے والے ایک اور نوجوان صدام حسین نے بتایاکہ محلہ میں زندگی اور املاک کو خطرہ لاحق ہوگیاتھا جس کو دیکھ کر انہوںنے خطرہ مول لیا اور آگ مخالف کارروائی شروع کی ۔انہوںنے کہاکہ انہیں خوشی اس بات کی ہے کہ وہ اپنے گائوں کے لوگوں کو بچانے اور آگ پر قابو پانے میں کامیاب رہے ۔مقامی لوگوںنے محکمہ جنگلات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس کا عملہ آگ بجھانے کیلئے بغیر کسی تیاری کے یہاں پہنچا ۔انہوںنے کہاکہ عملے کے پاس تو لاٹھیاںتک بھی نہیںتھیں ۔