سرینگر // انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نجی اسپتالوں اور کلنکوں میں مریضوں کا معائنہ فیس طے کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔کورونا وائرس کی دوسری لہر کی وجہ سے سرکاری اسپتالوں میں معمول کی جراحیاں اور او پی ڈی بند ہونے کی وجہ سے غریب مریضوں کوایمرجنسی صورتحال میں نجی کلنکوں کا رخ کرنا پڑا جہاں کنسلٹیشن فیس کے نام پر انہیں دو دو ہاتھوں سے لوٹا گیا اور یہ عمل اب بھی جاری ہے۔سرینگر اور وادی کے دیگر اضلاع میں غریب مریضوں سے اضافی معائنہ فیس وصول کرنے پر بات کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ڈئزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی چیئرمین اور ڈپٹی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اسد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ڈاکٹروں کی معائنہ فیس اور دیگر چند چیزوں کی قیمتیں طے کرنے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ نجی اسپتالوں اور کلنکوں میں معائنہ فیس کا یہ معاملہ جلد حل کیا جائے گا۔