پونچھ//غیر سرکاری تنظیم اے پی جے عبدالکلام ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن نے سول سروسز اور نائب تحصیلدار کا امتحان دینے والے امیداروں کیلئے تین روزہ ورکشاپ منعقد کرنے کا فیصلہ لیاہے ۔اس تین روزہ مفت ورکشاپ کے دوران مختلف کالجوں کے ممتاز پروفیسر اور کے اے ایس آفیسران اہم موضوعات پر توسیعی خطبے دیںگے ۔ ورکشاپ کا فیصلہ فاؤنڈیشن کی جانب سے جمعہ کے روز ایک میٹنگ میں کیاگیاجو فاؤنڈیشن کے چیئرمین خلیل احمد بانڈے کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔ میٹنگ میں ممبران کی جانب سے یہ متفقہ فیصلہ لیا گیا کہ سول سروسز اور نائب تحصیلدار کا امتحان دینے والے امیدواروں کیلئے ایک ورکشاپ کا انعقاد عمل میں لایا جائے جس سے ان نوجوانوں کو فائدہ ملے گاجو کوچنگ اداروں میں داخلہ لینے کیلئے مالی طاقت نہیں رکھتے ۔ یہ ورکشاپ 5 فروری سے جامعہ ضیاء العلوم ہائی اسکول پونچھ میں شروع ہوکر 7 فروری کو اختتام پذیر ہوگا۔ کلام فاؤنڈیشن کی جانب سے ماضی میں بھی بڑے پیمانے پر ورکشاپ اور سیمینار کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں وجاہت حبیب اللہ ، ڈاکٹر مسعود چودھری ، نعیمہ احمد مہجور اور ڈاکٹر منوج کے جیسی شخصیات نے بھی شرکت کی ۔فاؤنڈیشن کے چیئرمین خلیل احمد بانڈے نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کلام فاؤنڈیشن کا مقصد ہمیشہ سے غریبوں کے لئے ایسے مواقع فراہم کرنا رہا ہے جس سے ان کے طرزِ زندگی میں نکھار پیدا ہو اور اسی مقصد کے تحت اس ورکشاپ کا اہتمام کیا جا رہا ہے تاکہ ایسے افراد سول سروسز، نائب تحصیلدار اور ایسے دیگر امتحانات کے لئے تیار ہو سکیں جو کوچنگ نہیں کرپاتے ۔ خلیل بانڈے نے کہا کہ اس ورکشاپ میں شامل ہونے کیلئے کسی بھی شخص کیلئے کسی قسم کی کوئی قید نہیں بلکہ ہر اس شخص کو فاؤنڈیشن کی جانب سے مدعو کیا جاتا ہے جو اس قسم کے امتحانات میں بہترین کارکردگی پیش کرنے میںدلچسپی رکھتا ہے۔ان کاکہناتھاکہ کلام فاؤنڈیشن سول سروسز کے خواہش مندان کیلئے ایک لائبریری قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے جس میں مفت کتابیں فراہم کی جائیں گی۔انہوںنے کہاکہ اس ورکشاپ کے دوران فاؤنڈیشن اپنی ویب سائٹ بھی لانچ کرے گی ۔