یو این آئی
نئی دہلی/نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف انڈیا نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ ہندوستان 2027 میں ایشین رائفل/پسٹل چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا۔ یہ مسلسل دوسرا موقع ہوگا جب ہندوستان اس باوقارایشیائی ایونٹ کا انعقاد کرے گا۔اس چیمپئن شپ کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کیونکہ اس میں لاس اینجلس 2028 اولمپک گیمز کے لیے 8 کوٹا مقامات داؤ پر ہوں گے ۔ ایشین شوٹنگ کنفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل انجینئر دوئیج الاوتائبی نے این آر اے آئی کے صدر کالیکیش نارائن سنگھ دیو کو خط لکھ کر اس فیصلے کی تصدیق کی ہے۔ صرف ایشین چیمپئن شپ ہی نہیں، بلکہ انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹ فیڈریشن پہلے ہی اپریل 2027 میں ورلڈ کپ کی میزبانی ہندوستان کو دے چکی ہے ۔
این آر اے آئی کے صدر کالیکیش نارائن سنگھ دیو نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا”یہ ہمارے شوٹرز کے لیے بہت بڑا موقع ہے کہ انہیں ایک ہی سال میں اپنے ملک میں دو بڑے ایونٹس ملیں گے جہاں وہ اولمپک کوٹا جیت سکیں گے ۔ ہمیں ایشین شوٹنگ کنفیڈریشن کے اعتماد پر فخر ہے۔ پیرس 2024 اولمپکس میں ہندوستانی شوٹرز کی شاندار کارکردگی کے بعد، ڈاکٹر کرنی سنگھ شوٹنگ رینج بین الاقوامی مقابلوں کا مرکز بن چکی ہے ۔ این آر اے آئی کے سیکرٹری جنرل پون کمار سنگھ نے اس کامیابی کا سہرا حکومتِ ہند، وزارتِ کھیل اور اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے تعاون کے سر باندھا۔