سرینگر//نیشنل کانفرنس خواتین ونگ کشمیر سے وابستہ زون صدور اور ضلع صدور کا ایک اجلاس ریاستی صدر ایڈوکیٹ شمیمہ فردوس کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں پارٹی سرگرمیوں کے علاوہ لوگوں کے مسائل و مشکلات خصوصاً موجودہ سیاسی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیالات کیا گیا۔ موصولہ بیان کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شمیمہ فردوس نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت کو یہاں کے عوام کے احساسات، جذبات اور امنگوں سے کوئی سروکار نہیں ہے بلکہ نئی دلی کو جموں وکشمیر کی زمین چاہئے۔نئی دلی زمینی اور اصل مسائل کی طرف توجہ کے بجائے آئے روز عوام کْش فیصلے لے رہی ہے اور ایسا محسوس ہورہا ہے کہ حکومت نے یہاں کے عوام کیخلاف اعلان جنگ کر رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے فیصلے سے عوام کے دل مجروح ہوگئے ہیں اور مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر میں اپنا اعتماد بھی کھویا ہے۔ صوبائی صدر انجینئر صبیہ قادری نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں اور لوگوں کے مسائل و مشکلات ہر سطح پر اُجاگر کریں۔