راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے ایک ایگزیکٹو افسر کی معطلی،بلاک ڈیولپمنٹ افسر کو اٹیچ کرنے اورمحکمہ صحت کے تیس ملازمین کی تنخواہیں روک دینے کا حکم جاری کیاہے۔دریں اثناء انہوں نے چیف میڈیکل افسر ،بلاک میڈیکل افسر ان نوشہرہ،سندر بنی ،درہال،کالاکوٹ اور منجاکوٹ کے خلاف اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیاہے جو اپنے ماتحت طبی مراکز میں کام کرنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی شروع کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کی صدارت میں بابا بڈھاامرناتھ یاترا کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ منعقد ہوئی تھی جس میں ای ای میونسپلٹی سندر بنی غیر حاضر رہا جس کی پاداش میں اسے معطل کردیاگیاہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ انتظامیہ کی طرف سے بارہا یہ ہدایت جاری کی گئی ہے کہ کوئی بھی افسر اجازت کے بغیر اسٹیشن نہیں چھوڑے گاتاہم ای او بغیر اجازت کے اسٹیشن سے باہر تھااوراس نے میٹنگ میں شرکت نہیں کی۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے بلاک ڈیولپمنٹ افسر درہال کو اٹیچ کردیاہے جس کے خلاف گزشتہ روز درہال میں ہوئے عوامی دربار کے دوران مہاتماگاندھی نریگا کی اجرتوں سے متعلق کئی شکایات موصول ہوئی تھیں ۔مذکورہ بی ڈی او محکمہ دیہی ترقی کی ایک میٹنگ کے دوران غیر حاضر رہے تھے جس میں ڈپٹی کمشنر نے محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔اس دوران دس اور اٹھارہ جولائی کو کئے گئے معائنے کے دوران ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے محکمہ صحت کے تیس ملازمین کی تنخواہیں روک دینے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں اوراس سلسلے میں تحقیقات کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری کو انکوائری افسر مقرر کیاگیاہے۔غیر حاضر پائے گئے ملازمین کے خلاف اظہار وجوہ کانوٹس بھی جاری ہواہے۔