مینڈھر ۔سرنکوٹ سڑک کی خستہ حالی کیخلاف احتجاج ڈرائیوروں کا مذکورہ سڑک کی فوری مرمت کا مطالبہ ،گاڑیاں بند کرنے کا انتباہ

جاوید اقبال

مینڈھر//مینڈھر تا سرنکوٹ سڑک کی خستہ حالت کو دیکھتے ہوئے ڈرائیور طبقہ نے متعلقہ محکمہ کے خلاف بس اڈہ مینڈھر پر زور دار احتجاج کیا ۔احتجاج کی قیادت سومو یونین کے صدر کفیل خان کر رہے تھے۔ اُنہوں نے محکمہ پی ایم جی ایس وای کے اعلیٰ آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سڑک کو تعمیر کرنے کے بعد سڑک کی دوبارہ مرمت نہیں کی اور طوفانی بارشوں کی وجہ سے سڑک کے کنارے بنائی گئی نالیاں زیادہ تر بند ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے سڑک میں بڑے بڑے کھڈے پڑ گئے ہیں اور سڑک ٹوٹنا بھی شروع ہو گئی ہے جس پر گاڑيوں کا چلنا مشکل ہو گیا ہے۔ ڈرائیور طبقہ نے ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ سے ایپل کی کہ آپ خود مینڈھر تا سرنکوٹ سڑک کا دورہ کریں اُور متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران کو ہدایت دیں کہ فوری طور سڑک کی مرمت کریں ۔اُنکا کہنا تھاکہ اگر ایک ہفتہ کے اندر سڑک کا کام شروع نہیں ہوا تو وہ گاڑيوں کی آمد و رفت کو بند کر کے بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے ۔