وی پی این کا استعمال کرنا مہنگا پڑگیا | درہال میںنوجوان کیخلاف مقدمہ درج

عظمیٰ نیوز سروس

راجوری//جموں و کشمیر پولیس نے درہال راجوری میں اپنے ذاتی موبائل فون میں ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکنگ ایپ کا استعمال کرتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ کے حکم کی خلاف ورزی کرنے والے ایک بدنام عنصر کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ملزم کی شناخت مظہر اقبال ولد اظہر اقبال عمر 30سال ساکن گاؤں دھنور جرالاں، تحصیل و ضلع راجوری کے طور پر کی گئی ہے جس کے خلاف پولیس تھانہ درہال میں دفعہ 188آئی پی سی کے تحت مقدمہ نمبر 32/2024 درج کیا گیا ۔پولیس نے بتایا کہ ایس ایچ او درہال کی نگرانی میں پولیس تھانہ درہال کی ایک ناکہ پارٹی نے ملزم حبیب پٹھان کو درہال کے علاقے دوداج میںپکڑااور چیکنگ پر انکے ذاتی موبائل فون میں تھنڈر وی پی این ایپلی کیشن کے ساتھ انسٹال پایا گیا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ضلع مجسٹریٹ راجوری نےپورے ضلع میں لوک سبھا انتخابات کے اختتام تک تمام قسم کے VPNs کے استعمال کو معطل کر دیا ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران اس نوعیت کے 02 مقدمات پولیس تھانہ کنڈی اور پولیس تھانہ درہال میں اس قسم کی خلاف ورزیوں پر درج کیے گئے ہیں اور مستقبل میں ایسے سماج دشمن عناصر کے خلاف مزید کارروائی شروع کی جائے گی۔