پونچھ حملہ کے بعد وسیع جنگلاتی علاقے میں آپریشن جاری، فضائی نگرانی شروع | 3ملی ٹینٹوں کی تلاش ہ6 مشتبہ افراد گرفتار،امریکن ایم فور کاربائن اور چینی ساخت کی سٹیل گولیوں کا استعمال

جاوید اقبال

مینڈھر//جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں ہندوستانی فضائیہ کے قافلے پر حملے کے پیچھے ملی ٹینٹوں کے لئے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن دوسرے دن میں داخل ہونے کے بعد اتوار کو گورسائی کے رہنے والے 6افراد کوپوچھ گچھ کے لئے حراست میں لیا گیا۔اتوار کو 15ویں کور کے کور کمانڈر، رومیو فورس کے جنرل کمانڈنگ آفیسر،جموں کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس آنند جین، آئی جی پی سی آر پی ایف کے علاوہفوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سینئر افسران نے سرنکوٹ علاقے میں گھات لگائے ہوئے مقام کا دورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فوج نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی شروع کی ہے۔ ہفتہ کی شام سوا 6بجے ڈنہ شاسترکے قریب ہونے والے حملے میں 5 ائر فورساہلکار زخمی ہوئے اور ان میں سے ایک بعد میں فوجی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔عہدیداروں نے کہا کہ ملی ٹینٹوں کو بے اثر کرنے کے لئے فوج اور پولیس کی طرف سے کئی علاقوں بشمول شاستر، گرسائی، سنائی اور شیندرا ٹاپ میں ایک مربوط مشترکہ آپریشن جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ حملے کے بعد جنگل کی طرف فرار ہو گئے تھے۔حکام نے مزید کہا کہ اے کے اسالٹ رائفلوں کے علاوہ، ملی ٹینٹوں نے زیادہ سے زیادہ ہلاکتیں کرنے کے لیے امریکی ساختہ M4 کاربائن اور چینی ساخت کی سٹیل کی گولیوں کا بھی استعمال کیا۔انڈین ائر فورس نے مہلوک اہلکار کی شناخت وکی پہاڑے کے طور پر کی ہے اور اس کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اس نے ‘X’ پر پوسٹ کیا”چیف آف ایئر اسٹاف( ایئر چیف مارشل وی آر چودھری) اور ہندوستانی فضائیہ کے تمام اہلکار وکی پہاڑے کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے پونچھ سیکٹر میں قوم کی خدمت میں عظیم قربانی دی، سوگوار خاندان سے ہماری گہری تعزیت، ہم دکھ کی اس گھڑی میں آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں‘‘۔حکام نے بتایا کہ فوج کے پیرا کمانڈوز کی ٹیموں کو بھی تلاشی آپریشن میں شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملی ٹینٹوںکے ساتھ ابھی تک کوئی “رابطہ” نہیں ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حملے کے سلسلے میں کئی لوگوں کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔ یہ اس سال اس علاقے میں پہلا بڑا واقعہ ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ ضلع بھر میں گاڑیوں کی چیکنگ تیز کردی گئی ہے جس میں لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے میں 25 مئی کو پولنگ ہورہی ہے۔ یہ علاقہ پونچھ اننت ناگ-راجوری پارلیمانی حلقہ کا حصہ ہے۔سرحدی ضلع پونچھ، اس کے ساتھ ملحقہ راجوری میں گزشتہ دو سالوں میں بڑے دہشت گردانہ حملے ہوئے ہیں۔ یہ خطہ 2003 اور 2021 کے درمیان پرامن تھا۔