جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر میں منگل کے روز ایک اہم ترقیاتی تقریب منعقد ہوئی جس میں کابینہ وزیر جاوید احمد رانا نے متعدد عوامی فلاحی منصوبوں کا افتتاح کیا اور ایک اہم سڑک منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔تفصیلات کے مطابق وزیر موصوف نے مجموعی طور پر 4 کروڑ روپے سے زائد لاگت کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، جن کا مقصد مقامی آبادی کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور علاقے میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنا ہے۔اس موقع پر مینڈھر قصبہ میں ایک جدید سہولیات سے آراستہ 100 بستر (100-beded) گرلز ہاسٹل کا افتتاح کیا گیا۔ یہ ہاسٹل خاص طور پر دور دراز اور پسماندہ علاقوں سے آنے والی طالبات کے لیے ایک اہم سہولت ثابت ہوگا، جہاں انہیں محفوظ اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اس ہاسٹل سے لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ میں نمایاں مدد ملے گی اور ڈراپ آؤٹ شرح میں بھی کمی آنے کی امید ہے۔اسی موقع پر عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوڈ اینڈ سپلائی اسٹور کا بھی افتتاح کیا گیا، جس سے مقامی لوگوں کو راشن اور دیگر ضروری اشیاء کی بروقت فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ اس اقدام کو عوامی سطح پر ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ بھٹیدار تا سلوہ سڑک پر ایک اہم پل کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا، جس سے ہزاروں افراد کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ یہ پل علاقے میں آمد و رفت کو آسان بنانے اور رابطہ سڑکوں کو بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جاوید احمد رانا نے کہا کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور فلاحی منصوبے حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور ان منصوبوں سے عوامی معیارِ زندگی میں بہتری آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ گرلز ہاسٹل کا قیام طالبات کو محفوظ ماحول فراہم کرے گا جبکہ فوڈ سپلائی اسٹور سے عوامی مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی۔مقامی لوگوں نے ان ترقیاتی منصوبوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومت کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی علاقے میں اسی طرح ترقیاتی سرگرمیاں جاری رہیں گی جس سے دیرینہ مسائل حل ہوں گے اور علاقے میں خوشحالی آئے گی۔