مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کی مختلف پنچایتوں میں محکمہ سائنس اینڈ ٹیکنا لوجی کی جانب سے نصب کردہ سولر لائٹس خراب ہو گئی ہیں تاہم ان کی مرمت کیلئے متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی جانب سے لگ بھگ سبھی پنچایتی کی مساجد ،اثر راستوں کیساتھ ساتھ عوامی مقامات پر سولر لائٹس نصب کی گئی تھی جبکہ ان میں سے مینڈھر قصبہ میں بھی کئی لائٹس لگائی گئی ہیں لیکن ان لائٹوں کو لگانے کے ایک ہفتے کے اندر ہی زیادہ تعداد خراب ہو گئی ۔پنچایتی اراکین نے بتایا کہ ایک سولر لائٹس کی تخمینہ لاگت 40ہزار سے زائد ہے تاہم متعلقہ محکمہ کی جانب سے غیر معیاری لائٹس لگائی گئی ہیں جو کچھ ہی وقت میں خراب ہو گئی ۔انہوں نے بتایا کہ لائٹس کی مرمت کیلئے کئی مرتبہ متعلقہ ملازمین سے آگاہ کیا گیا لیکن ابھی تک ان کی مرمتی کی جانب توجہ ہی نہیں دی جارہی ہے ۔عوام نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سولر لائٹس کے معیار کی جانچ کے سلسلہ میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جبکہ خراب پڑی ہوئی لائٹوں کی جلدازجلد مرمت کی جائے ۔