مینڈھر میں نجی سکولوں کی من مانیوں سے والدین پریشان داخلہ فیس کی وصولی جاری ،سرکاری کتب کی تدریس سے بھی منکر

جاوید اقبال

مینڈھر//مینڈھر میں نجی تعلیمی اداروں نے سرکاری احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے طلاب اور والدین کو پریشان کررکھاہے۔بعض سکولوں کی انتظامیہ کی طرف سے سرکاری کتابوں کے احکامات کو نظر انداز کیا جارہا ہےحالانکہ سرکار کی طرف سے واضح احکامات ہیں کہ نجی ادارے بھی سرکاری کتب سے تعلیم دیں گے لیکن یہاں کچھ سکولوں کی طرف سے طلاب کو باہر سے کتابیں خریدنے پر مجبور کیا جارہا ہے اور کئی والدین کیلئے ایسا کرپانا مشکل ہورہاہے۔ اسی طرح داخلہ فیس اگرچہ وصول نہیں کی جارہی البتہ اس کمی کو پورا کرنے کیلئے سالانہ فیس وصول کی جارہی ہے۔حکومت نے داخلہ فیس پر پابندی لگائی ہوئی ہے جس کو دیکھتے ہوئے سالانہ فیس وصول کی جارہی ہے جو باعث پریشانی ہے۔کئی والدین نے ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات کریں۔اِس سِلسلہ میں جب ڈپٹی چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ ہیڈ کواٹر مینڈھر محمد لطیف چودھری سے بات ہوئی تو اُنکا کہنا تھا کہ جن سکولوں میں کتابیں رولز کے خلاف لگای گئی ہیں اُنکے خلاف کاروائی ہو گی اورسکول میں فیس کے معاملہ کو لے کر بھی میں چیک کرینگے اور اگر کوئی سکول کا مالک خلاف ورزی کرتے ہوئے پکڑا گیا تو اس کے خلاف بھی کاروائی ہو گی ۔