بلنوئی ٹاٹا سومو حادثہ،فوج نے سکولی بچوں کو بچایا

 جاوید اقبال

مینڈھر//فوج نے سکولی بچوں اور مسافروں کو بلنوئی کے قریب ایک گاڑی کے حادثے کے بعد ایک خطرناک صورتحال سے بچالیا۔29 اپریل 2024 کو تقریباً 09:30 بجے فوج کے اہلکاروں نے دیکھا کہ ایک ٹاٹا سوموسکول کے بچوں کو لے جا رہی تھی،جو حادثے کا شکار ہو کر بلنوئی کے قریب ایک پہاڑی سے نیچے گر گئی۔ بغیر کسی ہچکچاہٹ کے فوج فوری طور پر حرکت میں آگئی، تیزی سے جائے حادثہ پر پہنچی اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ اہلکاروں نے بچوں، زخمی مسافروں، اور ڈرائیور کو ملبے سے باہر نکالا۔ زخمی بچوں اور مسافروں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ اس کے ساتھ ہی فوج کے ایک ڈاکٹر نے مینڈھر میں پرائمری ہیلتھ سینٹرکے ساتھ رابطہ کیا، زخمیوں کو مزید طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس کی بروقت روانگی کو یقینی بنایا۔فوج کی بروقت کوششوں کی بدولت کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حادثے کو دیکھتے ہوئے منکوٹ چوکی سے پولیس کی ایک ٹیم اے ایس آئی طالب قریشی کی قیادت میں جائے واقعہ پر فوری طور پہنچ گئی اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد ایک مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ۔