مینڈھر //کووڈ کے سلسلہ میں عوام بالخصوص نوجوانوں او ر بچوں کو بیدار کرنے کے سلسلہ میں فوج کی جانب سے مینڈھر سب ڈویژن کے مختلف علا قوں میں مصوری مقابلوں کا اہتمام کیا گیا ۔فوج کے ایکس آف سپیڈ ڈویژن مینڈھر کی جانب سے گور نمنٹ سکول اپر دھڑہ میں منعقدہ مصوری مقابلے میں سکولی بچوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس مصوری مقابلے کے دوران طلباء نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جبکہ فوجی حکام کی جانب سے مذکورہ مقابلوں کو دو زمروں میں تقسیم کیا گیا تھا ۔ان میں سے ایک زمرے میں دس برس سے کم عمر کے بچوں کو شامل کیا گیا تھا جبکہ دوسر ے زمرے میں دس برس سے زائد عمر کے بچوں کو شامل کیا گیا تھا ۔فوجی آفیسران نے بتایا کہ مذکورہ مقابلوں کو منعقد کرنے کا اصل مقصد عوام کو کووڈ کے سلسلہ میں زیادہ سے زیادہ بیدار کرنا تھا ۔انہوں نے عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ کووڈ سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔