جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کے ڈہچل علاقے میں ایک قابلِ ستائش انسانی اقدام سامنے آیا، جہاں مقامی افراد اور میڈیا سے وابستہ ناظم علی منہاس اور مظہر اقبال نے ایک زخمی بلیک کائٹ کو کامیابی کے ساتھ ریسکیو کیا۔ یہ پرندہ زخمی حالت میں زمین پر پڑا ہوا پایا گیا، جس کے بعد فوری طور پر ریسکیو کارروائی شروع کی گئی۔مقامی ذرائع کے مطابق، ناظم علی منہاس اور ان کے ساتھیوں نے پرندے کو اپنی تحویل میں لے کر ابتدائی امداد فراہم کی اور متعلقہ محکمہ کو اطلاع دی۔ محکمہ حیوانات کی ٹیم نے بروقت پہنچ کر پرندے کا معائنہ کیا اور ضروری طبی امداد فراہم کی، جس کے نتیجے میں پرندے کی حالت کو مستحکم کیا گیا۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ ناظم علی منہاس اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ زخمی جنگلی پرندوں کو ریسکیو کر کے متعلقہ محکموں کے حوالے کر چکے ہیں، جس سے ان کی جنگلی حیات کے تحفظ کے تئیں سنجیدگی اور انسان دوستی کا جذبہ ظاہر ہوتا ہے۔یہ ریسکیو آپریشن تحصیلدار مینڈھر راہل جی بسوترہ کی نگرانی میں انجام پایا، جنہوں نے موقع پر موجود رہ کر کارروائی کی رہنمائی کی۔ بعد ازاں زخمی بلیک کائٹ کو مزید علاج و معالجے کے لیے محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کر دیا گیا تاکہ اس کی مکمل دیکھ بھال ممکن بنائی جا سکے۔مقامی افراد اور میڈیا کی اس مشترکہ کوشش کو علاقے میں کافی سراہا جا رہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف جنگلی حیات کے تحفظ میں مددگار ثابت ہوتے ہیں بلکہ معاشرے میں ہمدردی اور انسانیت کے جذبے کو بھی فروغ دیتے ہیں۔