عظمیٰ نیوزسروس
جموں // جموں کے میران صاحب علاقے میں ناکہ پر فائرنگ واقعہ میں بدنام زمانہ مجرم ہلاک ہو گیا ۔ اتوار کی رات دیر گئے جموں کے میران صاحب علاقے میں ناکے پر پولیس ٹیم پر مبینہ طور پر فائرنگ کرنے کے بعد ایک بدنام زمانہ مجرم پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میںکے دوران مارا گیا۔ پولیس کے سنیئرعہدیدار نے بتایا کہ ملزمان کی نقل و حرکت کے حوالے سے مخصوص اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے تھانہ میران صاحب کی ایک پولیس ٹیم نے علاقے میں ناکہ لگایا اور چیکنگ تیز کردی۔انہوںنے کہا کہ چیکنگ کے دوران، ملزم، جس کی شناخت ابھینیت سنگھ کے طور پر ہوئی، ناگی گینگ کا ایک رکن اور 13 سے زیادہ ایف آئی آر میں ملوث ہسٹری شیٹر جس میں قتل کی کوشش، فسادات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ شامل ہے، ایک ساتھی کے ساتھ ایک موٹر سائیکل پر پہنچے۔پولیس کے مطابق انہیں رکنے کا اشارہ کیا گیا تو دونوں نے مبینہ طور پر ناکے سے بچنے کی کوشش کی اور پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔ جوابی کارروائی اور اپنے دفاع میں پولیس نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد دونوں ملزمان اندھیرے کی آڑ میں موٹر سائیکل چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے ملزم کا پیچھا کیا اور بعد میں ابھینیت سنگھ کو قریبی نہر میں زخمی حالت میں پایا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ساتھی کی گرفتاری کیلئے تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔