نومبر کے آخری ہفتے میں حکومت نے ممکنہ طور پر جدید تاریخ میں پہلی بار تصدیق کی کہ ہندوستان سرکاری طور پر کساد بازاری کا شکار ہے ۔ کساد بازاری کی تکنیکی تعریف یہ ہے کہ جب معیشت متواتردو سہ ماہیوں کے دوران سکڑتی رہی۔ اپریل سے جون کے درمیان ہندوستان کی معیشت میں 24 فیصد کمی واقع ہوئی ، اور جولائی سے ستمبر کے درمیان اس کی شرح 7.5 فیصد تک کم ہوگئی۔ یہ کمپریشن یا سکڑنے کی شرحیں بالترتیب ایک سال قبل جی ڈی پی کی سطح کے مقابلے میں ہیں۔ پہلی سہ ماہی میں ہونے والے تشویشناک کمی کو زیادہ تر اُس لاک ڈائون سے جوڑا جارہا تھا جو مرکزی حکومت نے کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے نافذ کیاتھا۔ دوسری سہ ماہی کی سرگرمیاں بھی منفی میں ہی رہیں، حالانکہ یہ تنزلی اُس سے کم تھی جس کا خدشہ ظاہر کیاجارہاتھا۔اس شرح سے رواں مالی سال کے دوران مجموعی معیشت 8 سے 10 فیصد سکڑ جائے گی۔ اس سے تقریباً 16 سے 20 لاکھ کروڑ کی قومی آمدنی یا 12 سے 15 ہزار روپے فی کس کے درمیان نقصان ہوگا۔ آمدنی کا یہ نقصان اس لئے ہے کیونکہ بہت ساری خدمات بزنس جیسے مہمان نوازی ، سیاحت ، سفر اور پرچون دکانوں کو مکمل طور پر بند کرنا پڑا ہے۔
طلب کی کمی کا مطلب بھی یہ نکلا کہ بہت سارے دوسرے شعبوں میں پیداوار اور روزگار میں کمی واقع ہوئی۔ سب سے زیادہ شدید تکلیف غیر رسمی اور غیر منظم شعبے میں رہی ہے ، جس میں چھوٹے کاروبار شامل ہیں۔ یہ سنگل فرد انٹرپرائزز یا ایک دکان ہوسکتی ہے جس میں چار سے پانچ ملازم ہیں۔ اس شعبے کو سب سے زیادہ متاثر ہونا پڑااور نقصان کی اصل سطح کا اندازہ بہت بعد میں ہی پتہ چلے گا کیونکہ ان کا ڈیٹا وزارت کارپوریٹ امور میں خود بخود نہیں لیا جاتا ، کیونکہ یہ بڑی اور رسمی شعبے کی کمپنیوں کے لئے ہے۔ بھارت کے سابق چیف شماریات پرنب سین نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے (MSME) جو ملک کی صنعتی پیداوار میں 45 فیصد حصہ ڈالتے ہیں وہ بہت بری طرح متاثر ہوسکتے ہیں ، جس کے نتیجے میں جی ڈی پی کو بھی تیسری اور چوتھی سہ ماہی میںنقصانات ہوسکتے ہیں ، اور یہ بات بعد میں ہی واضح ہوجائے گی۔
اسی طرح حکومت کی طرف سے پیش کردہ MSME گارنٹیڈ لون پیکیج کو پوری طرح سے سبسکرائب نہیں کیا گیا ہے ، کیونکہ چھوٹے کاروباری مزید قرضے لینے سے گریزاں ہیں۔ انہیں دیوالیہ ہونے کا خوف ہے۔ چھوٹے کاروباروں کو پہلے ہی دیئے گئے مدرا قرضوں کو بدعنوانی میں بدلنے اور بینکوں کے ناقابل کارکردگی قرضوں میں اضافے کا خطرہ ہے۔
ملازمتوں کا ضیاع قومی آمدنی کے نقصان سے پرے ہے۔ چونکہ نوے فیصد افرادی قوت غیر منظم شعبے میں ہے ، اس شعبے میں مزدورتحریری معاہدے ، صحت انشورنس اور پنشن اور دوسرے فوائد کے بغیر کام کرتے ہیں۔ ورک فورس کے اس حصے کی حیثیت کا قطعی ٹریک رکھنا مشکل ہے۔ ایک ذریعہ ایک نجی تنظیم سی ایم آئی ای کا ہفتہ وار روزگار سروے ہے۔ اپریل کے دوران جب لاک ڈاؤن سب سے زیادہ شدید تھا ، تو لگ بھگ 122 ملین افراد بے روزگار ہوگئے۔ اس تعداد میں تیزی سے کمی آچکی ہے ، اور جولائی سے بیروزگاروں کی تعداد شاید 28 ملین کی حد میں ہوگی۔ زیادہ واضح طور پر بہت سارے مزدوروں نے پوری طرح لیبر فورس سے دستبرداری اختیار کرلی ہے اوران میں سے بھی زیادہ خواتین ہوسکتی ہیں۔ اس سے فرق کم ہوگا اور گمراہ کن طریقے سے ہمیں بتائے گا کہ بے روزگاری کی شرح کم ہورہی ہے۔ لیکن ہمیں جس چیز کو دیکھنے کی ضرورت ہے وہ ہے مرد اور خواتین دونوں کے لئے لیبر فورس کی شرکت کی شرح۔ یہی وہ چیز ہے جوکنبوں کو آمدنی فراہم کرتی ہے۔ جہاں تک منظم شعبے کے ملازمین کا تعلق ہے تو ای پی ایف او کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ منظم شعبے میں ملازمت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ سی ایم آئی ای نے یہ بھی اطلاع دی کہ جولائی تک منظم شعبے میں ، اس سال اب تک تقریباً 20 ملین تنخواہ دار افراد اپنی ملازمت سے محروم ہوچکے ہیں۔ پچھلے سہ ماہی میں ان میں سے کچھ کو نوکری مل چکی ہوگی کیونکہ بھرتی عمل بڑھناشروع ہوچکا ہے۔
کساد بازاری کے سال کے نتیجے میں آکسفورڈ اکنامکس ریسرچ آرگنائزیشن کے مطابق ہندوستان کی ممکنہ نمو کی شرح کم ہوکر 4.5 فیصد رہ گئی ہے۔ یہ درمیانی مدت تک قابل حصول ترقی کی شرح ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ نظر آنے والے مستقبل میں اس ممکنہ شرح سے زیادہ کوئی بھی نمو مہنگائی کے دباؤ کا سبب بن سکتی ہے۔ لیکن اب بھی جب معیشت کساد بازاری کی گہرائیوں سے نکلنے کی کوشش کر رہی ہے ،مہنگائی میں اضافے کے تشویشناک علامات نظر آرہے ہیں ہیں۔ اس وقت یہ 7 فیصد کے قریب ہے اور پیش گوئی یہ ہے کہ یہ اعلی سطح پرہی رہے گی۔ خوراک کے اناج اور سبزیوں کی قیمتیں فصل کی کٹائی کے بعد کم ہوسکتی ہیں ، لیکن دھاتیں ، سیمنٹ ، تیل اور کیمیکل سمیت اجناس کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔
گذشتہ سہ ماہی میں جی ڈی پی کے اعداد و شمار کے اجراء کے ایک ہفتہ بعد ہی ریزرو بینک آف انڈیا نے اپنے تازہ ترین مالیاتی مؤقف پر یہ اعلان کیاکہ موجودہ پالیسی شرح ، یعنی سود کی شرح جس پر تجارتی بینکوں کو لیکویڈیٹی یا قرضہ فراہم کیا جاتا ہے وہ سب سے کم ہے۔ یہ پالیسی شرح 4 فیصد ہے۔ لیکن یہاں تک کہ آر بی آئی مہنگائی کے دباؤ کے بڑھنے سے پریشان ہے۔ آر بی آئی کا سرکاری بیان ایک بالکل ہی مخالف مطالعہ ہے۔ ایک طرف اس کا کہنا ہے کہ جب تک معاشی نمو کو بحال کرنے کے لئے ضروری ہو تب تک وہ اپنی سازگار پالیسی پر عمل پیرا رہے گا۔ تو رقم کی فراہمی زیادہ ہوگی اور کریڈٹ سستا رہے گا۔ لیکن دوسری طرف یہ مہنگائی کے بارے میں خبردار کرتاہے ، اور اس کا کہنا ہے کہ جی ڈی پی کی رفتار میں اضافہ ہورہا ہے۔مہنگائی پیسے کی فراہمی کو سخت کرنے کی دعوت دیتی ہے اور کساد بازاری پیسہ کے بہائو کی فراوانی کی دعوت دیتی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ آر بی آئی کسی چٹان اور کسی سخت جگہ کے درمیان پھنس چکا ہے۔ اس دوران بہت زیادہ لیکویڈیٹی اسٹاک مارکیٹ میں میں آگ لگارہی ہے۔ اس سب سے بڑھ کر ، بڑی درج کمپنیوں نے جولائی تا ستمبر سہ ماہی میں ریکارڈ منافع کی اطلاع دی ہے۔
کلاسیکل معاشیات مہنگائی اور کساد بازاری کے بقائے باہمی کی توقع نہیں کرتیں۔ جب طلب کم ہوتی ہے تو قدرتی طور پر قیمتیں کم ہوجاتی ہیں ، کیونکہ پروڈیوسر زیادہ پیداواری صلاحیت کا سامنا کرتے ہوئے چھوٹ دیتے ہیں۔ لیکن جب سپلائی کے جھٹکے ہوتے ہیں ، جیسے وبائی امراض اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہونے والے نقصانات ، جو ممکنہ نمو کی شرح کو کم کرتے ہیں ، تب ہمیں بیک وقت کساد بازاری اورمہنگائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس سے باہرنکلنے کیلئے صارفین کا صرفہ بڑھانے کی خاطر مالی محرک کی ضرورت ہوگی ، معیشت کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لئے سرمایہ کاری کی بحالی ، اور مہنگائی کی توقعات کا محتاط انتظام۔ بیک وقت حکومت کو بھی بڑھتی ہوئی تفاوت کو کم کرنے کے لئے آمدنی کوسرنو تقسیم کرنے کی ضرورت ہوگی۔یہ مالی ضیاع سے بھی ضائع ہونے والے اخراجات کو کم کرنے ، اثاثوں کی فروخت ، کان کنی اور اسپیکٹرم نیلامی کے ذریعہ نئی آمدنی تلاش کرنے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کا تقاضا کرتاہے۔ یہ سب ایک حیرت انگیزمعیشت اور توقعات کے انتظام کی دعوت دیتا ہے ۔یوں اس منظر نامہ میں آنے والے وقت ایک انتہائی مصروف ترین بجٹ سیزن ہوگا۔
(ڈاکٹر اجیت راناڈے ایک ماہر معاشیات اورتکشاشیلاانسٹی ٹیوشن کے سینئر فیکلٹی ممبر ہیں)
(سنڈیکیٹ۔ دی بلین پریس،ای میل۔ [email protected])
مترجم۔ ریاض ملک