سرینگر // ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے مہلوک پولیس اہلکاروں و ایس پی اوز کے لواحقین کو مالی امداد فراہم کرنے کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے 90 لاکھ روپے بطور خصوصی ویلفیئر ریلیف اور 38 لاکھ روپے ایکس گریشیا ریلیف منظور کیے ہیں۔ڈی جی پی نے سرینگر کے نٹی پورہ میں جنگجو حملے میں مہلوک ہونے والے سلیکشن گریڈ کانسٹبل منظور احمد کے قریبی رشتہ داروں کے حق میں 38 لاکھ روپے ایکس گریشیا ریلیف منظور کیا ہے۔ اسسٹنٹ سب انسپکٹر بشیر احمد،ہیڈ کانسٹبل چین سنگھ و پیر ریاض احمد اور کانسٹبل کمال کمار جو کہ ڈیوٹی کے دوران صحت سے متعلق مسائل کے نتیجے میں فوت ہوئے کے حق میں خصوصی ویلفیئر ریلیف کے مد میں20لاکھ روپے کی خصوصی امداد منظور کی گئی۔ڈی جی پی نے ایس پی او فیاض احمد جو کہ جنگجوئوںکے حملے میں ہلاک ہوئے تھے اور ایس پی او محمد تاج جو بیماری کی وجہ سے فوت ہو گئے تھے ، کے حق میں 5 لاکھ روپے امداد کی منظوری دی ہے۔اس رقم میں سے (خصوصی فلاحی ریلیف) ایک لاکھ روپے پہلے ہی کنبوں و نزدیکی رشتہ داروں کو پولیس ہیڈ کواٹرکی طرف سے ان کے متعلقہ یونٹوں واضلاع کے ذریعے پولیس ویلفیئر فنڈ سے فوری امداد کے طور پر ادا کیے گئے تھے۔