عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اقتصادی جرائم ونگ (EOW) نے وسطی کشمیرکے بیروہ علاقے میں ایک رہائشی املاک کی تلاشی کے دوران مبینہ طور پر کروڑوں روپے کے مہاجر پنڈتوں کی زمینی دھوکہ دہی کے معاملے میں اپنی تحقیقات کو تیز کر دیا ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ یہ تلاشی قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس سٹیشناقتصادی جرائم ونگ کشمیر میں درج ایک کیس کے سلسلے میں کی گئی۔ یہ مقدمہ ضلع بارہمولہ میں گوشہ بگ پٹن میں واقع 14 کنال اور 03 مرلہ زمین کی مبینہ طور پر دھوکہ دہی سے فروخت کرنے سے متعلق ہے۔تفتیش کاروں کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر حقیقی زمیندار کی رضامندی حاصل کیے بغیر جعلی دستاویزات، جعلی معاہدوں اور ایک منصوبہ بند مجرمانہ سازش کے ذریعے زمین فروخت کرنے کی کوشش کی۔
تحقیقات کے دوران، پانچ افراد فراڈ میں ملوث پائے گئے اور ان پر جائیداد کی فروخت میں سہولت فراہم کرنے کے بہانے شکایت کنندہ سے کروڑوں روپے کی دھوکہ دہی کا الزام ہے۔کرائم برانچ نے کہا کہ گھر کی تلاشی جاری تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر کی گئی ، جس کا مقصد ثبوت اکٹھا کرنا اور مبینہ اسکام سے متعلق مزید تفصیلات کا پتہ لگانا تھا۔حکام نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تفتیش آگے بڑھ رہی ہے اور تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر اضافی قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔دریں اثنا، اقتصادی جرائم ونگ نے عوام کے ارکان کو جائیداد کے لین دین اور دیگر مالی معاملات سے نمٹنے کے دوران محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔