سرینگر//سونہ وار کے درگا ناگ مندر میں( مہا نومی) کا تہوار جوش و خروش سے منایا گیا۔جموں کشمیر درگا ناگ ٹرسٹ کے منیجرمکھن لال کول نے بتایا کہ رسمیں جموں سے تعلق رکھنے والے پروہتوں نے انجام دی ہیں۔ تاہم ، پچھلے دو ہفتوں سے شہر میں ناخوشگوار صورتحال کی وجہ سے انتظامیہ نے پہلے پوجا کی اجازت نہیں دی تھی۔کول نے کہا ’’پوجا کیلنڈر کے مطابق 12 اکتوبر کو مہا نومی کی تقریبات منعقد کی جانی تھی لیکن حالات کی وجہ سے انتظامیہ نے پہلے اجازت نہیں دی‘‘۔انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں عقیدت مندوں کی موجودگی کم تھی۔ دوپہر کے وقت ’’پران آہوتی‘‘ ، ایک خصوصی دعا کی گئی۔ پوجا کے اختتام پر ، عقیدت مندوں میں پرساد تقسیم کیا گیا۔درگا ناگ مندر کے علاوہ وادی بھر کے مندوروں میں روایتی پوجا پاٹ کا اہتمام کیا گیا اور یوں مذہبی عقیدت کیساتھ مہا نومی کے 9دنوں کا اختتام کیا گیا۔کشمیری پنڈت مکھن لال نے کہا کہ مہا نومی کے دوران کشمیری پنڈت درگا سپت شدی کے بجائے بھوانی سہاسرنم کا ورد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھابھوانی سہاسرنم (دیوی درگا کے 1000 نام) کشمیری ہیں اور کشمیر سے باہر معلوم نہیں ہیں۔ ایک اور کشمیری پنڈت اشوک پاریمو نے کہا کہ نویں دن ، نومی ، جسے مہانومی کہا جاتا ہے ، کشمیری پنڈتوں کیلئے روایتی تقریبات کا دن ہے اور اس دن ، خاص طور پر بھگوان رام کے لیے وقف کردہ مندروں میں ہون کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا’’ یہ وہ دن ہے جب بیشتر کشمیری پنڈت ان جگہوں کا دورہ کرتے ہیں جہاں ہون کیا جاتا ہے‘‘۔