سرینگر /پرویز احمد /مہاراشٹرا اور کیرالا میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کو دیکھتے ہوئے ماہرین نے وادی میں لوگوں کو احتیات برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ سی ڈی اسپتال سرینگر میں شعبہ امراض چھاتی کے سربراہ ڈاکٹر نوید نذیر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ کیرالا اور مہاراشٹرا میں کورونا کی دوسری لہر کے علامات ظاہر ہونے لگے ہیں ، اسلئے جموں و کشمیر میں بھی لوگوں کو پھر سے احتیاط برتنے کی ضرورت ہے‘‘۔ڈاکٹر نوید نے کہا کہ جب کورونا وائرس پچھلے سال مارچ میں جموں و کشمیر میں پھیل گیا تو یہ پہلے کیرالا اور مہاراشٹرا سے ہی یہاں پہنچا تھا ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ابھی دوسری لہر شروع نہیں ہوئی ہے لیکن آثار ایسے دکھائی دے رہے ہیں، لہٰذا لوگوں کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بھیڑ بھاڑ والے علاقوں سے دوری، ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال فی الحال جاری رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ورکروں اور فرنٹ لائن ورکروں کے علاوہ دیگر لوگ بھی اگر کورونا مخالف ویکسین لیتے ہیں تو وہ اچھی بات ہے۔