مکان پسی کی زد میں آکر ناقابل رہائش،دو کنبے کھلے آسمان تلے

حسین محتشم

پونچھ//منڈی کے لورن کی پنچایت تانترے گام کے محلہ توحید نگر میں حالیہ شدید بارشوں کے دوران دو رہائشی مکانوں کے سامنے آسمانی بجلی اور پسی گرنے سے دونوں مکانوں میں جگہ جگہ دراڑیں پڑنے سے اور پانی اندر آنے سے مکانات رہنے کے قابل نہیں رہے ہیں جس کی وجہ سے دونوں مکانوں کے رہائشی اپنے مال مویشی بھی سمیت باہر کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ شاہ محمد ولد حاتا تانترے اور عبدلرحمان ولد شاہ محمد تانترے کا مکان اس وقت پسی کی وجہ سے اگر چہ ناقابل رہائش ہوچکاہے لیکن اب ان کو مکان دوسری جگہ بنانے کے لئے بھی متبادل جگہ نہیں ہے جہاں یہ اپناآشیانہ تعمیر کرسکیں کیونکہ دونوں متاثرین نہایت غریب ہیں۔رہائشوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مال مویشی ودیگر اہل خانہ کو لیکر دوسرے کسی کے ہاں بھی نہیں جاسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایس ایچ او لورن راجیش کمار تھاپہ کی ہدایت پر پولیس ٹیم نے موقع ملاحظہ بھی کیاہے لیکن ابھی تک ان کو کوئی امداد فراہم نہیں ہو پائی ہے۔ انہوں نے ضلع وتحصیل انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ موقع واردات پر ٹیم بھیج کر موقع کاجائزہ لیکر انھیں معقول تعاون کریں تاکہ وہ اپنے بچوں کے لئے دوبارہ آشیانہ بناسکیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر انتظامیہ پسی کو روکنے کے لئے محکمہ کو متحرک نہیں کرے گی تو قریب ہےکہ یہ پسی پورے محلہ کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ یاسین محمد چودھری سے خصوصی توجہ کی گزارش کرتے ہوئے ان سےبھرپور امداد کرنے کی اپیل کی ہے۔