مڈل سکول گولا ناڑی سنگیوٹ کا حال بے حال | بچوں کی تعلیم متاثر ،عمارت کی جلد مرمت کا مطالبہ

جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کے بالا کوٹ زون میں آنے والا گورنمنٹ مڈل سکول گولا ناڑی سنگیوٹ کی عمارت انتہائی خستہ حال ہوتی جارہی ہے جس کی وجہ سے سکول میں زیر تعلیم بچوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سکول کی عمارت کا ڈھانچہ آہستہ آہستہ خستہ حال ہوتا جارہا ہے جبکہ چھت بھی اڑرہی ہے جس کی وجہ سے بارشوں کا پانی عمارت میں داخل ہونا شروع ہو گیا ہے ۔اس دوران جموں و کشمیر بارڈر ایریا ڈیولپمنٹ کانفرنس کے چیئرمین ڈاکٹر شہزاد ملک نے محکمہ سکول ایجوکیشن پر زور دیا ہے کہ وہ ضلع پونچھ کے بلاک بالاکوٹ میں تباہ شدہ گورنمنٹ مڈل سکول کی جلدازجلد مرمت کرئے ۔مقامی لوگوں کی دعوت پر بالاکوٹ بلاک کے سرحدی علاقوں کے دورے کے دوران بی اے ڈی سی کے چیئرمین نے مقامی لوگوں سے کئی ملاقاتیں بھی کیں جنہوں نے انہیں محکمہ بجلی، صحت، واٹر سپلائی سے متعلق اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا ۔مقامی لوگوں نے محکمہ دیہی ترقی کے ذریعہ کئے گئے تعمیراتی کاموں میں بعض تضادات کو بھی اجاگر کیا اور ان سے ان مسائل کو اجاگر کرنے پر زور دیا۔ ڈاکٹر شہزاد نے لوگوں کی شکایات کو غور سے سنا اور ان کے فوری ازالے کیلئے انہیں مناسب فورم پر اٹھانے کا یقین دلایا۔انہوں نے مذکورہ سرکاری سکول کا معائینہ کرتے ہوئے کہاکہ عمارت آہستہ آہستہ نا قابل استعمال ہوتی جارہی ہے ۔موصوف نے مقامی لوگوں کے ہمراہ جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پسماندہ دیہات میں بچوں کی پڑھائی کیلئے بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔