تھنہ منڈی// تھنہ منڈی کے موہڑا کلی اور موہڑا چوہانہ کی عوام نے محکمہ پی ایچ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ گہری نیند میں ہے اور انہیں پینے کیلئے پانی کا ایک قطرہ بھی دستیاب نہیں۔ موہڑا کلی اور موہڑا چوہانہ کی آبادی ایک سو نفوس پر مشتمل ہے اورعلاقے میں بسنے والے لوگ خط افلاس سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں۔آزادی سے لیکر ابتک یہاں کی عوام کو محکمہ پی ایچ ای کی طرف سے پینے کا پانی فراہم کرنے کے لئے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ مقامی لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای کے اہلکاروں کو کئی بار عرضیاں بھی دیں تاہم پانی کی سپلائی کیلئے کوئی اقدام نہیں کیاگیا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پیاس کی شدت سے مویشی جاں بلب ہورہے ہیں اور ان کے ہلاک ہونے کا اندیشہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ دو ہفتے قبل تھنہ منڈی کے علاقہ منگوٹہ میں ضلع انتظامیہ راجوری کی طرف سے شکایتی ازالہ کیمپ منعقد کیا گیا جس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری سے لوگوں کی بڑی تعداد نے ملاقی ہوکر موہڑا کلی اور موہڑا چوہانہ میں پانی کی فراہمی کے لئے موثر اقدام کرنے کی اپیل کی جبکہ انکے ہمراہ محکمہ پی ایچ ای راجوری کے ایگزیکٹو انجینئرنثار احمد خان بھی موجود تھے۔ اس وقت ضلع انتظامیہ راجوری نے یقین دہانی کرائی تھی کہ ان موہڑوں کے عوام کو پانی فراہم کرنے کے لئے موثر اقدام کئے جائیں گے لیکن اسوقت تک کوئی کارروائی نہ ہوئی ۔۔ حاکم دین نامی شخص کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان میں مال مویشی پیاس کی شدت سے ہلاک ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پی ایچ ای کے ملازمین کے درمیان تال میل کافقدا ن ہے اورانہیں پانی سپلائی کرنے میں لیت و لعل سے کام لیاجارہاہے ۔ان کاکہناتھاکہ اگر پانی کی سپلائی کا کوئی بندوبست نہ ہواتو وہ احتجاج کاراستہ اختیار کریںگے ۔رابطہ کرنے پراسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر مصطفی میر نے کہا کہ دوروز قبل انہوں نے چارج سنبھالا ہے اور انہیںاسکے بارے میں کوئی علمیت نہ ہے.۔ایگزیکٹو انجینئر راجوری نثار احمد خان نے بتایاکہ متعلقہ جونیئر انجینئر کو ہدایت جاری کردی گئی ہے کہ موہڑا کلی اور موہڑا چوہانہ میں لائن بچھانے کے لئے درکار پائپوں کی تفصیل بتائی جائے ۔انہوںنے کہاکہ متعلقہ جونیئر انجینئر کی طرف سے ابھی تک ضروری کاغذات جمع نہیں کروائے گئے ہیں جس کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے۔