موسم میں بہتری کیساتھ ہی شبانہ درجہ حرارت میں پھر کمی درج آج وادی کے کئی علاقوں میں ہلکی برفباری کاامکان

اشفا ق سعید

سرینگر // وادی میں جمعہ کوموسم ابرآلود رہا،اس بیچ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آج وادی کے کچھ ایک بالائی علاقوں میںہلکی برفباری ہو سکتی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام سے10فروری تک بنیادی طور پر موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کو دن میں موسم بہتر ہوا تھا جس کے ساتھ ہی شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ دیکھنے کو ملی ۔محکمہ کے ترجمان کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کو زیادہ تر مقامات پر پارہ نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.6ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ہے، اسی طرح قاضی گنڈمیں منفی 2.6 ڈگری سیلشیس ، پہلگام میں منفی 1.5 ڈگری س سیلشیس ریکارڈ کیا گیا ۔کرناگ میں گزشتہ رات منفی 2.7 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔ادھر گلمرگ میں سردی کی شدت میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جہاں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.0ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ہے ۔جبکہ کپواڑہ میں منفی 2.3 ڈگری سلسیش پارہ گر گیا ہے ۔

 

محکمہ کے ترجمان کے مطابق جموں میں کم سے کم درجہ حرارت میں بہتری دیکھنے کو ملی ہے اور وہاں رات کا درجہ حرارت 7.2ڈگری سلسیش رہا ۔اس دوران سرینگر میں قائم محکمہ موسمیات کے علاقائی دفتر کی جانب سے مرتب کردہ اعدادوشمار میں بتایاگیاہے کہ شمالی کشمیرمیں واقع مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں جنوری2023کے دوران258.3سینٹی میٹر برف باری ریکارڈ کی گئی ،جوجنوری2022میں ریکارڈ کی گئی برف194.3سینٹی میٹر سے 64سینٹی میٹر زیادہ ہے جبکہ جنوری 2021کے دوران گلمرگ میں 112.6سینٹی میٹر برف باری ہوئی تھی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی کشمیرمیں واقع معروف سیاحتی مقام پہلگام میں بھی امسال جنوری کے مہینے میں اچھی خاصی برف باری ہوئی ۔اعدادوشمار کے مطابق سیاحتی مقام پہلگام میں جنوری2023کے دوران212.6سینٹی میٹر برف ریکارڈ کی گئی ،جوجنوری2022میں ریکارڈ کی گئی برف106.0سینٹی میٹر سے 106.6سینٹی میٹر زیادہ ہے جبکہ جنوری 2021کے دوران پہلگام میں 108.4سینٹی میٹر برف باری ہوئی تھی ۔محکمہ موسمیات کے مرتب کردہ اعدادوشمار کے مطابق جنوبی ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ علاقہ میں بھی رواں سال ماہ جنوری میں کافی زیادہ برف باری ہوئی ۔اعدادوشمار میں بتایاگیاہے کہ کوکرناگ میں جنوری2023کے دوران162.5سینٹی میٹر برف ریکارڈ کی گئی ،جوجنوری2022میں ریکارڈ کی گئی برف59.9سینٹی میٹر سے 103.5سینٹی میٹر زیادہ ہے جبکہ جنوری 2021کے دوران کوکرناگ میں 118.0سینٹی میٹر برف باری ہوئی تھی ۔ضلع اننت ناگ کے قاضی گنڈ علاقہ میں جنوری2023کے دوران146.4سینٹی میٹربرف ریکارڈ کی گئی ،جوجنوری2022میں ریکارڈ کی گئی برف72.8سینٹی میٹر سے 73.6سینٹی میٹر زیادہ ہے جبکہ جنوری 2021کے دوران قاضی گنڈ میں 162.9سینٹی میٹر برف باری ہوئی تھی ،جوجنوری2023میں ریکارڈ کی گئی برف باری سے16.5سینٹی میٹر زیادہ تھی ۔