نئی دہلی// کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کے لاک ڈاؤن بڑھانے کا اعلان کی حمایت کی لیکن کہا کہ یہ تعجب کی بات ہے کہ غریبوں کے مسائل کو کم کرنے اورکورونا کو شکست دینے کے لئے حکومت کی دیگر حکمت عملی کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے ۔کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے منگل کو یہاں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وبا کے خلاف لڑنے کے لئے لاک ڈاؤن بڑھانا لازمی ہے لیکن وبا سے نمٹنے کے لئے لاک ڈاؤن کے علاوہ اور کیا قدم اٹھائے جا رہے ہیں اس کی کوئی معلومات مسٹر مودی نے نہیں دی۔
لاک ڈاؤن پوری طرح نافذ ہوگا:کیجریوال
نئی دہلی//دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے مودی کے خطاب کے بعد ٹیوٹ کیا،‘‘دہلی میں مکمل لاک ڈاؤن پوری طرح نافذ کیا جائے گا۔’’واضح رہے کہ کورونا متاثرین کے معاملے میں دارالحکومت ملک میں دوسرے مقام پر ہے اور یہاں 1510 متاثرین ہیں اور 28کی موت ہوچکی ہے ۔دہلی میں 47ہاٹ اسپاٹ ہیں جو سیل ہیں۔یواین آئی
متاثرہ طبقوں کیلئے کوئی ٹھوس قدم نہیں: سی پی ایم
نئی دہلی// مارکسی کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(سی پی آئی۔ ایم) نے کہا ہے کہ کوروناکے خلاف لڑنے کے لئے لاک ڈاؤن کو بڑھانے کا سب سے زیادہ اثر غریبوں اور محروم طبقوں پر ہوگا لیکن وزیر اعظم نے ان کے لئے آج کچھ ٹھوس قدم کا اعلان نہیں کیا۔سی پی ایم پولٹ بیورو نے کل یہاں جاری بیان میں کہا کہ مسٹر مودی نے غریبوں اور مزدوروں کے لئے کوئی ٹھوس قدم اٹھانے کا اعلان نہیں کیا۔
لوگ کرونا کو ایک دن شکست دیں گے :جاویڈکر
نئی دہلی//وزیر اطلاعات ونشریات پرکاش جاویڈکر نے 3 مئی تک لاک ڈاؤن بڑھانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں ملک کی عوام کرونا وبا کو ایک دن شکست سے دوچار کردیں گے ۔مسٹر جاویڈکر نے منگل کو یہاں بتایا کہ ‘‘ملک کی عوام نے 21 دن کے لاک ڈاؤن کا پوری طرح سے ساتھ دیا ہے ۔ مسٹر مودی نے اب لوگوں سے سات باتیں کہی ہیں۔ ان میں خود گھر میں رہنے ۔ گھر کے سامان سے بنے ماسک پہننے ، سوشل ڈسٹنسنگ کو بنائے رکھنے ، غریبوں کو کھلانے اور لوگوں کی نوکری نہ لینے جیسی باتیں شامل ہیں۔