یو این آئی
نئی دہلی// کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے گزشتہ 12 برسوں میں جو معاشی ڈھانچہ کھڑا کیا ہے، وہ بے حد کمزور ہے اور ڈھنے کی کگار پر پہنچ گیا ہے نیز ملک ایک بڑے اقتصادی بحران کی طرف بڑھ رہا ہے، جس کی آہٹ صاف سنائی دے رہی ہے۔ گاندھی نے منگل کو سوشل میڈیا ایکس پر لکھا کہ مودی حکومت نے گزشتہ 12 برسوں میں جو ڈھانچہ تیار کیا، وہ صرف صنعت کار اڈانی اور امبانی کے مفادات کو دھیان میں رکھ کر بنایا گیا اور اب وہی ڈھانچہ بھر بھرا کر ڈھنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے اقتدار اور بڑے صنعت کاروں کو نقصان نہیں ہوگا، کیونکہ ان کے پاس اس سے نکلنے کے راستے ہیں۔کانگریس رہنما نے کہا، “ایک سنگین معاشی طوفان سر پر ہے۔ مودی جی نے 12 سال میں جو ڈھانچہ کھڑا کیا، وہ صرف اڈانی اور امبانی کے لیے تھا اور اب وہی ڈھانچہ بھر بھرا کر ڈھنے والا ہے۔ چوٹ انہیں نہیں لگے گی، ان کے پاس نکلنے کے راستے ہیں۔”انہوں نے کہا کہ اس ڈھانچے کے ڈھنے کا سب سے زیادہ اثر نوجوانوں، غریبوں، متوسط طبقے، کسانوں، مزدوروں اور چھوٹے تاجروں پر پڑے گا، جو کبھی اس نظام کا حصہ ہی نہیں تھے۔ انہوں نے لوگوں سے اپنے آس پاس کے حالات کو دیکھنے اور یہ سوچنے کو کہا کہ وہ اس ڈھانچے کا حصہ ہیں یا آنے والے معاشی طوفان کے شکار۔