کشتواڑ//ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے منڈل ماتا یاتریوں کے پہلے جتھے کو تواریخی گوری شنکر مندر سے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔اس موقعہ پرپروفیسر دلجیت سنگھ منہاس کی قیادت میں یاتریوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جو چھڑی یاترا کے ساتھ یاترا کے لئے روانہ ہوئے۔یاترا کو کامیاب بنانے کے لئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون دینے کے ساتھ ہی ڈی سی نے کہا کہ کشتواڑ یاترائوں کا ایک اہم مرکز بن رہا ہے اور ہر سال یاتریوں کی ایک اچھی تعداد ضلع میں وارد ہوتی ہے۔ڈی سی نے یاتریوں کو اپنے ارد گرد کو صاف و شفاف رکھنے کی صلاح دی اور ڈرائیوروں کو پاڈر علاقہ کے پہاڑی ڈھلان پر ہوشیاری سے ڈرائیونگ کی صلاح دی ۔انہوں نے کہا کہ ایسی یاترائوں سے ہمیں درشنو ں اور دیوی دیوتائوں سے آشیر واد حاصل کرنے کا ایک موقعہ فراہم ہوتا ہے ۔ انہوں نے یاتریوں سے ریاست جموں و کشمیر اور خصوصاً ضلع کشتواڑ میں امن ،خوشحالی، بھائی چارے، آپسی رواداری اور سیکولرازم کی پرارتھنا کرنے کیلئے کہا ۔ انہوںنے پرارتھنا کی کہ اس یاترا سے مشکلات کا خاتمہ ہو اور ایک نئی امید پیدا ہو۔ قابل ذکر ہے کہ مَنڈل ماتا مندر ہماچل پردیش کے خوبصورت ضلع چمبہ میں واقع ہے اور ہر سال ہزاروں کی تعداد میں ملک بھر سے یاتری اس یاترا میں شرکت کرتے ہیں۔