عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے راجپورہ میں ’نشہ مکت بھارت‘کے عنوان سے ایک عوامی بیداری پروگرام منعقد کیا گیا جس میں پارٹی کے سینئر رہنما اشوک کول، ڈاکٹر درخشاں اندرابی اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔اشوک کول نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کا بڑھتا ہوا استعمال نوجوان نسل کے مستقبل کے لیے سنگین خطرہ ہے اور اس کے خاتمے کے لیے معاشرے، خاندانوں، تعلیمی اداروں اور حکومتی اداروں کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہر اس اقدام کی مکمل حمایت کرتی ہے جو منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لیے کیا جائے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منشیات سے دور رہ کر اپنی توانائی تعلیم، کھیلوں، ہنر اور ملک کی تعمیر میں صرف کریں۔ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا کہ منشیات کے خلاف کامیابی کے لیے سماجی آگاہی اور اجتماعی کوششیں انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو متحد ہو کر نوجوانوں کو اس خطرے سے بچانا ہوگا۔دیگر رہنمائوں نے بھی “نشہ مکت بھارت” مہم کو مضبوط بنانے اور جموں و کشمیر میں اس کے دائرہ کار کو وسیع کرنے پر زور دیا۔